|

وقتِ اشاعت :   October 3 – 2025

کوئٹہ : نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر پولیس دھاوے اورصحافیوں پر تشدد کے خلاف پی ایف یو جے کی کال پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام ملک بھر کی طرح کوئٹہ سمیت صوبے بھرمیں صحافیوں نے آج یوم سیاہ منایا اور پولیس گردی کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا۔

واقعے کے خلاف کوئٹہ میں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرے کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈزاوربینرز اٹھا رکھے تھے جن پرآزادی صحافت کے حوالے سے ان کے مطالبات درج تھے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صدر بی یوجے خلیل احمد کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے تقدس کو پامال کرکے پولیس گردی کا جو مظاہرہ کیا گیا ہے وہ نہ صرف آئین بلکہ جمہوری اقدار کی بھی سنگین پامالی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو یہ سمجھنا ہو گا کہ صحافت کو دبانے کی کوئی کوشش نہ ماضی میں کامیاب ہوئی ہے نہ ہی اب کامیاب ہوسکتی ہے اس لیے آزادی اظہار رائے یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

صدر بی یوجے کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار ہر شہری کا بنیادی حق ہے اوراس ائینی حق پر صحافی کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ مظاہرے میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ نیشنل پریس کلب پر دھاوے او صحافیوں پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف ائی آر درج کرکے ضابطے کی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے