تربت: طالب علم رہنما شبیر بلوچ کی جبری گمشدگی کے خلاف کل ہفتہ کو تربت میں ریلی اور پروگرام کا اعلان۔
طالب علم رہنما شبیر احمد بلوچ کی جبری گمشدگی کے خلاف بلوچ وومن فورم اور شبیر بلوچ کے اہل خانہ نے 4 اکتوبر کو ریلی اور سیمینار کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ بلوچ وومن فورم کیچ زون کی جانب سے 2 اکتوبر کو تربت شہر، سنگانی سر اور آپسر سمیت مختلف علاقوں میں آگاہی مہم چلائی گئی۔
اس دوران فورم کی کارکنان اور شبیر بلوچ کے اہل خانہ نے شہریوں سے ملاقاتیں کیں اور پروگرام میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے پمفلٹس بھی تقسیم کیے۔
فورم اور اہل خانہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 4 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے شہید فدا چوک تربت میں ہونے والے ریلی و سیمینار میں شرکت کر کے جبری گمشدگی کے خلاف آواز بلند کریں۔
واضح رہے کہ شبیر بلوچ ایک طالب علم رہنما تھے جنہیں ضلع کیچ سے نو سال قبل جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا۔
ان کی بازیابی کے لیے اہل خانہ نے مختلف اوقات میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیے تاہم اب تک ان کا سراغ نہیں مل سکا۔
بلوچ وومن فورم اور اہل خانہ کا کہنا ہے کہ عوامی شمولیت ان کی جدوجہد کو تقویت بخشے گی۔
سیمینار میں بلوچ وومن فورم کی چیئرپرسن ڈاکٹر شلی بلوچ، شبیر بلوچ کی اہلیہ زرینہ بلوچ اور کامریڈ گلزار دوست خطاب کریں گے۔