تربت : سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں میرانی ہاؤسنگ اسکیم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کمشنر مکران آفس تربت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں کمشنر مکران قادر بخش پرکانی، سابقہ جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ شکیل احمد بلوچ، سابقہ چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کیچ حاجی فدا حسین دشتی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر تربت سٹی ڈویلپمنٹ اتھارٹی بہرام گچکی، پروجیکٹ انجینئر قاسم گچکی، ایکسیئن کیچ محکمہ اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ شعیب بلوچ ،ٹاؤن پلاننگ آفیسر محکمہ اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور میرانی ہاؤسنگ اسکیم کے ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر عبدالرؤف بلوچ اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔
اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرانی ہاؤسنگ اسکیم ضلع کیچ کے عوام کے لیے حکومت بلوچستان کا ایک اہم رہائشی منصوبہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ ان کے دورِ وزارتِ اعلیٰ میں تربت کے شہریوں کو جدید سہولیات سے آراستہ رہائشی ماحول فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں خوشی ہوئی ہے کہ منصوبے کو درپیش تمام رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں اور اب پہلے مرحلے میں مکمل ادائیگیاں کرنے والے الاٹیز کو بلاک ون میں الاٹمنٹ آرڈرز جاری کیے جا رہے ہیں۔قبل ازیں کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے میرانی ہاؤسنگ اسکیم پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اسکیم تقریباً ایک ہزار ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے، جس میں 200، 400 اور 100 گز کے پانچ ہزار رہائشی پلاٹ شامل ہیں۔
منصوبے میں سڑکوں، اسٹریٹ لائٹس، پارکس، تعلیم و صحت سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو ایک جدید گیٹیڈ رہائشی سوسائٹی میسر ہو۔انہوں نے کہا کہ امن و امان اور دیگر ناگزیر وجوہات کے باعث منصوبہ کچھ عرصہ تاخیر کا شکار رہا، تاہم پی سی-ون میں نظرِثانی کے بعد اسے بہتر اور جدید انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ مرحلے میں میرانی ہاؤسنگ اسکیم سے متصل ایم-8 تربت گوادر شاہراہ کے قریب زمینوں کو تجارتی مقاصد کے لیے بھی ترقی دی جائے گی۔آخر میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، کمشنر مکران قادر بخش پرکانی اور دیگر شرکاء نے مکمل ادائیگیاں کرنے والے الاٹیز میں رہائشی پلاٹوں کے الاٹمنٹ آرڈرز تقسیم کیے۔