|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2025

تربت:  مکران اسکاوٹس کے کمانڈنٹ بریگیڈیئر عمرطاہر نے تربت یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ رجسٹرار گنگزاربلوچ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد اور پروجیکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر کمال بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات کے دوران وائس چانسلر نے کمانڈنٹ کو تربت یونیورسٹی کی مختصر مدت میں حاصل کردہ تعلیم و انفراسٹرکچر کے شعبوں میں نمایاں کامیابیوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جاب مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظررکھ کر سپرنگ2026 داخلوں کے لیے تربت یونیورسٹی ساٹھ سے زائد تعلیمی پروگرامز پیش کر رہی ہے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے تعمیری اورمثبت سرگرمیوں میں نوجوانوں کی شمولیت، ڈیجیٹل اسکلزکے فروغ اور قومی یکجہتی و ہم آہنگی کے لیے تربت یونیورسٹی کی اقدامات پر روشنی ڈالی

بریگیڈیئر عمر طاہر نے یونیورسٹی کی مسلسل ترقی کے لیے وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے فرنیچر، کمپیوٹر سسٹمز اور مصنوعی ذہانت (اے آئی)لیب کے قیام سمیت ضروری وسائل کی فراہمی میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ یونیورسٹی میں تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کومزیدفروغ دیا جا سکے۔

ملاقات کے بعد بریگیڈیئر عمر طاہر نے یونیورسٹی کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جن میں سینیٹ ہال سمیت فیزٹومنصوبے کے تحت زیرتعمیر اورتکمیل شدہ فیکلٹی دفاتر ، اکیڈمک بلاکس اورہاسٹل شامل تھے۔پروجیکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر کمال بلوچ نے کمانڈنٹ کو منصوبے کے معیار، مالی امور اور جاری تعمیراتی کام کی رفتار سے آگاہ کیا۔