|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2025

لورالائی: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا ہے کہ جمہوریت کو سرے سے پنپنے نہیں دیا گیا ، پشتونخوامیپ کو یہ افتخار حاصل ہے کہ ملک میں ہماری پارٹی کے چیئرمین محترم محمود خان اچکزئی ملک کے تمام سیاسی پارٹیوں اور تمام جمہوری عوام کے لیے اپنا حقیقی جمہوری رہنماء ہے اور جمہوریت کی علامت بن چکے ہیں۔

لیکن بد قسمتی اس اس ملک میں جو بھی حکومت آئی ہے جمہوریت کو صحیح طرح سے نہیں چھوڑا گیا ،پشتونخوا وطن کے معدنیات دنیا کو تالی میں پیش کیئے جارہے ہیں اور وطن کے مالکوں کو نظر انداز کرکے ان کی زمینوں ، پہاڑوں کو دھڑا دھڑ غیر لوگوں کے ناموں پر الاٹ کیا جارہا ہے ۔

بدلے میں پشتونخوا وطن میں بدترین دہشت گردی ، بدامنی بیروزگاری اور بے علمی مسلط کی جارہی ہے۔

منظم سیاسی تنظیم کے ذریعے ہی نجات ممکن ہے ۔ شہدا جمہوریت اور شہدا ئے وطن کے ملی ارمانوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے جدوجہد کو تیز کرنا ہوگا۔ اپنے وسائل اور وطن کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہوگا ۔

خونی رشتوں سے زیادہ فکری نظریاتی رشتے مضبوط اور موثر ہوتے ہیں ، ہمیں نظریاتی فکری کو مضبوط بنانا ہوگا۔

ملک کے عوام ایک خوف وہراس میں مبتلا ہیں کیونکہ آج اس وطن میں ایسی حالت مسلط کی گئی ہے کہ کسی کا سرومال محفوظ نہیں ، آج ہم اپنے بے اتفاقی کی وجہ سے اس حالت سے دوچار ہیں کہ ہمارے بچے بڑے شہروں کے کچرہ دانوں سے رزق چُنتے ہیں۔

یہاں بیٹھے تمام لوگوں کے بچے ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کے ساڑھے تین لاکھ قرضدار ہیں ، ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کے یہ قرضے ہمارے وطن میں کہیں بھی استعمال نہیں ہوئے۔ ان سے پنجاب میں میگا پروجیکٹس ،موٹر وے ، ٹرام ، الیکٹرک بسیں ، اورینج ٹرینج، ڈیمز اور دیگر میگا پروجیکٹ بنے ہیں۔ اور باقی رقم کرپشن وکمیشن کا شکار ہوئی ہے۔

ہمیں اپنی رنجشوں کو ختم کرنا ہوگا ایک دوسرے کے لیے آپس کی تلخیاں ختم کرنا ہوگی اور متحد ہوکر پشتون بننا ہوگا ۔ جدوجہد کے دوران ہمارے جن نوجوانوں نے خون کے نذرانے پیش کیئے انہیں عقیدت واحترام کے سرُخ پھول پیش کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لورالائی کے غازی ارسلا خان گرائونڈ میں 7اکتوبر کے شہدائے جمہوریت اور 11اکتوبر کے شہدائے وطن کی برسی کے موقع پر منعقدہ مرکزی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام کی صدارت پارٹی چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی نے کی ۔ جس میں ہزاروں کی تعداد میں لورالائی کے عوام نے شرکت کی ۔

مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا کہ انتہائی غنی اور وسائل سے مالا مال وطن کے مالک ہونے کے باوجود پشتون نوجوان انتہائی غربت ، مزدوری اور مسافری کی زندگی بسر کررہے ہیں ، گزشتہ انتخابات میں فراڈ دھاندلی رشوت اور زر وزور کی بنیاد پر حقیقی عوامی نمائندوں کو فارم 47کے ذریعے ناکام کرکے جعلی اور غیر عوامی نمائندوں کو عوام پر مسلط کیا گیا ۔

جس کے نتیجے میں ملک بدترین بحرانوں میں گر چکا ہے ۔ اور مزید بحرانوں میں دھکیلا جارہا ہے ۔

نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا کہ اپنے دشمن کو پہچاننا ہوگا ۔ دنیا اب نئی ٹیکنالوجی دوسرے ممالک کا مقابلہ کررہی ہے جبکہ ہم اُسی پرانے طرز پر دفاعی نظام کے لیے کھربوں روپے ضائع کررہے ہیں۔ دنیا نے ایسی نئی ایجادات کی ہیں کہ جن کے سامنے ہماری ٹیکنالوجی کچھ نہیں یہ سب کچھ صرف اپنے عوام کو زیر کرنے کے لیے اب کارآمد ہوگا۔ اب ہمار امتحان ہے یا تو ہمیشہ کے لیے یوں ہی محکوم رہینگے یا صرف اتحاد واتفاق کے ذریعے اپنا وجود یہاں برقرار رکھنا ہوگا۔ نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا کہ اس ملک میں پشتونوں کی عزت وناموس کو خطرات لاحق ہیں ، زمینوں کی الاٹمنٹ اور انتقالات کا سلسلہ صرف ایک ضلع تک محدود نہیں بلکہ پورے پشتونخوا وطن میں جہاں جہاں معدنیات یا پانی کے ذخائر ہیں وہاں قبضے کیئے جارہے ہیں ۔ہمارے معدنیات کا سودا ٹرمپ کے ساتھ ہورہا ہے ہم سب کو بتادینا چاہتے ہیں

کہ قرضے پشتونوں کے وسائل سے نہیں بلکہ جہاں جہاں پر قرضے خرچ ہوئے ہیں اُنہی سے لیئے جائیں ۔ نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے کہا کہ پشتون اپنی معدنیات کا کسی بھی غیر جمہوری ، غیر آئینی فارم 47کی حکومت کے معاہدے کے پابند نہیں ۔