|

وقتِ اشاعت :   October 11 – 2025

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان پولیس ٹریننگ کالج پر فتنہ الہند و خوارج کے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے

یہاں جاری ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک بار پھر اپنی بزدلانہ کارروائی سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ انسانیت، امن اور ملک دشمن ایجنڈے کے پیروکار ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پولیس فورس کی بہادری اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے جوانوں نے دلیری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے انہیں جہنم واصل کیا

ان کے اس جرات مندانہ اقدام سے ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا گیا

انہوں نے کہا کہ بہادر پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اپنے دیگر ساتھیوں کو محفوظ بنایا،

جو ان کی بہادری، عزم اور وطن سے وفاداری کی روشن مثال ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے ان غیور سپوتوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ ملکی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔

پاکستان کے دشمنوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اور سیکیورٹی فورسز کا عزم پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔