کوئٹہ : پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ ملازمین حکومت اور سرکاری مشینری اور امور کو چلانے کے لئے بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔
ڈی آر اے سمیت ان کے تمام جائز مطالبات کے حصول کیلئے ہماری حکومت اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی کیونکہ صدر مملکت آصف علی زرداری کا موقف روز روشن کی طرح واضح ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا آئین اور منشور ہماری ریڈ لائن ہے کیونکہ پیپلزپارٹی نے دور اقتدار میں ملازمین ، پسے ہوئے طبقات سمیت عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کو یقینی بناتے ہوئے انہیں روزگار کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ضلع کوئٹہ کی نو منتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری کے موقع پر منعقدہ پروگرام کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایپکا بلوچستان کے صدر حاجی علی اصغر بنگلزئی، بلوچستان گرینڈ الائنس کے آرگنائزر پروفیسر عبدالقدوس کاکڑ ایپکا ضلع کوئٹہ کے صدر رحمت اللہ زہری ، غلام سرور خان، ہیبت خان، ارباب عبدالخالق سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ دیگر شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے ایپکا کی کاوشوں اور ملازمین کے مسائل کے حل حوالے سے خطاب کیا۔ پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی نے نو منتخب کابینہ کو مبارک باد دیتے ہوئے
اس امید کا اظہار کیا کہ مذکورہ عہدیداران ذاتی اور گروہی مفادات کو پس پشت ڈال کر اجتماعی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے ملازمین کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ جس طرح ملازمین ڈی آر اے کے ایشوز کے حل کیلئے سرگرداں ہے
پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملازمین اور عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کو اپنی ترجیحات کا حصہ بنایا ہے ان مسائل کا فوری حل نہ ہونے کی وجہ سے بطور پیپلزپارٹی کے رہنماء اور حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے بذات خود شرمندگی محسوس ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ تمام سفارشات اور سپاسنامہ میںپیش کئے گئے مطالبات کے حصول کیلئے حکومت اور متعلقہ حکام کے ذریعہ فوری حل کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کروں گا کیونکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے دور اقتدار میں ملازمین ، کسانوں ، دہقانوں اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے اور پیپلز پارٹی کے آئین میں بھی عوام کو روٹی ، کپڑا اور مکان کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی برملا اس بات کا اظہار کیا ہے کہ پارٹی کا آئین اور منشور ہماری ریڈ لائن ہے آئین اور منشور پر چلتے ہوئے ملازمین اور عوام کو ان کے حقوق کے حصول کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی آر اے کے مسئلے کو ایپکا کی قیادت اور حکومت کے ساتھ ملکر احسن طریقے سے خوش اسلوبی کے ساتھ حل کریں گے اور ملازمین کی جانب سے پیش کئے جانے والے مطالبات جس میں ہائوسنگ اسکیم اور پیرا میڈیکس سمیت دیگر ملازمین کے مسائل کو مل بیٹھ کر حل کریں گے اور میں خود ان مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ اور حکومت کے ساتھ متعلقہ حکام کے ساتھ ملکر حل کرنے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کروں گا کیونکہ ہماری کوشش ہے کہ آئین اور قانون پر عمل پیرا ہوکر مسائل کے حل کو یقینی بنائیں اس موقع پر انہوں نے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا۔