بلوچستان حکومت میرٹ، گڈ گورننس، صوبے کی ترقی، نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے
جس کا بنیادی مقصد بلوچستان کے نوجوانوں میں موجودمایوسی کا خاتمہ کرنا ہے ،وہ صوبے کی ترقی و خوشحالی سے نہ صرف فائدہ اٹھائیں بلکہ اپنا مثبت کردار صوبے کے وسیع مفاد میں ادا کریں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ذاتی طور پر مفاد عامہ کے منصوبوں میں دلچسپی لے رہے ہیں اور ان کی بروقت تکمیل کیلئے کوشاں ہیں جو کہ خوش آئند عمل ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء و سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبے کی مجموعی سیاسی، سماجی اور معاشی صورتحال، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور قومی ہم آہنگی کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ پیپلزپارٹی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر فلاحِ عامہ کے منصوبوں میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہے، عوامی خدمت ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے نوجوانوں اور ریاست کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مضبوط بنانا چاہتی ہے تاکہ نوجوان خود کو فیصلہ سازی کے عمل کا فعال حصہ محسوس کریں ۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم میرٹوکریسی، شفافیت اور جواب دہی کو فروغ دے کر گڈ گورننس کی بنیاد رکھ رہے ہیں، کیونکہ اچھی حکمرانی ہی ترقی و استحکام کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام‘‘ صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا تعلیمی منصوبہ ہے، جس کے تحت پرائمری سے اعلیٰ تعلیم تک طلباء و طالبات کو وظائف فراہم کیے جا رہے ہیں۔
یہ اقدام تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کو مواقع فراہم کرنے کی سمت میں سنگِ میل ثابت ہوگا
۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے طلباء کے لیے دنیا کی 200 معیاری جامعات کے دروازے کھول دیئے گئے ہیں تاکہ بلوچستان کے نوجوان جدید تعلیم اور عالمی معیار کی مہارتوں سے آراستہ ہو سکیں ۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے سویلین شہدا ، اقلیتوں اور ٹرانس جینڈرز کے لیے بھی خصوصی اسکالرشپ پروگرام متعارف کرایا ہے، جو ایک جامع اور شمولیتی تعلیمی وژن کا مظہر ہے ۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوانوں سے مسلسل مکالمے کے ذریعے ان کے مسائل اور ترجیحات کو سمجھ کر عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ انہیں معاشی طور پر بااختیار بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بلا سود قرضہ پروگرام ایک انقلابی اقدام ہے، جس کے تحت نوجوانوں کو کاروباری مواقع فراہم کیے جائیں گے، اس منصوبے پر جلد عمل درآمد شروع کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ باعزت روزگار پروگرام نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار اور خود انحصاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا، جو بلوچستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ۔اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پیپلزپارٹی اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاق کی علامت ہے، ہم قومی یکجہتی، جمہوری اقدار اور عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں قمر زمان کائرہ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ترقیاتی وژن کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا اظہار کیا اور کہا کہ بلوچستان کی خوشحالی دراصل پاکستان کے مضبوط وفاق کی ضمانت ہے۔
بہرحال بلوچستان ملک کا نصف حصہ ہے اس کی ترقی ملکی خوشحالی کا ضامن ہے ۔بلوچستان میں اس وقت میگا منصوبے جاری ہیں جبکہ دیگر منصوبوں میں بیرونی سرمایہ کاری بھی کیلئے بھی دلچسپی ظاہر کی جارہی ہے جو خطے میں نئی خوشحالی اور ترقی کے دروازے کھولے گی جس سے بلوچستان کے دیرینہ مسائل حل ہونگے خاص کر نوجوانوں کا مستقبل تابناک و روشن ہوگا۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے حالیہ منصوبوں کی نظیر نہیں ملتی جن کا براہ راست تعلق نوجوانوںسے ہے کیونکہ نوجوان صوبے کا اثاثہ ہیں ان پر سرمایہ کاری سے یقینا صوبے میں واضح تبدیلی آئے گی۔