کوئٹہ: کوئٹہ میں ٹماٹرکی فی کلو قیمت میں مسلسل اضافہ پچاس روپے مزید اضافے کے بعد شہرمیں ٹماٹرکی فی کلوقیمت 350روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق کوئٹہ شہر میں ٹماٹرکی فی کلو قیمت کو پر لگے ہوئے ہیں اور اس میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے شہر میں ٹماٹرکی فی کلو قیمت میں 50روپے کامزید اضافہ رکارڈ کیاگیا۔
جس کے بعد شہر میں ٹماٹرکی فی کلوقیمت 350روپے کی رکارڈ سطح پر پہنچ گئی جبکہ اندرون شہر بعض علاقوں میں ٹماٹر 400روپے فی کلو تک میں بھی فروخت کیاجارہاہے۔ گذشتہ روزشہر میں ٹماٹر 300روپے فی کلو میں فروخت کیاجارہاتھامارکیٹ ذرائع کے مطابق ٹماٹرکی قیمت میں اضافہ نئی فصل نہ ہونے کی وجہ سے ہوا۔ اس کے علاوہ ایران سے کم سپلائی اور افغانستان سے سپلائی متاثرہونے اور دوسری جانب طلب میں اضافہ کی وجہ سے بھی ٹماٹر کی قیمت بڑھ رہی ہے،
رہنماء زمیندارایکشن کمیٹی عبدالرحمان بازئی کے مطابق اس وقت بلوچستان کے سرد علاقوں میں ٹماٹر کی فصل نہیں ہے۔تاہم نصیرآباد ڈویژن اور لسبیلہ میں اگلے ماہ ٹماٹر کی نئی فصل آنے کے بعد اس کی قیمت میں کمی آجائیگی،دوسری جانب شہری ٹماٹر کی قیمت میں بے تحاشا اضافے سے پریشان ہیں انہوں نے اس کی قیمت معمول پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔