|

وقتِ اشاعت :   October 21 – 2025

پنجگور:  بی این پی عوامی کے مرکزی صدر اسداللہ بلوچ کے خصوصی ہدایت سے بی این پی عوامی پنجگور کی جانب سے پنجگور میں بارڈر اور ائیرپورٹ کی طویل بندش کے خلاف ایک عظیم الشان اور تاریخی احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں پارٹی کارکنوں، جیالوں، ورکروں کے ساتھ ساتھ وکلاء ، اساتذہ، تاجروں، طلباء اور عام شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔

پنجگور کے مختلف علاقوں بشمول وشبود، گرمکان، خدابادان، تسپ، بونستان، عیسائی، سندے سر، چتکان، سوردو اور سریکوران سے قافلے شہداء چوک پر جمع ہوئے، جہاں سے ایک منظم جلوس کی شکل میں بی این پی عوامی کی مرکزی قیادت کی سربراہی میں ڈی سی آفس کی جانب مارچ کیا گیا

مارچ میں شرکاء کے نعروں نے پورے علاقے کو جھنجھوڑ کے رکھ دیا۔ڈی سی آفس پہنچ کر پارٹی نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر پنجگور کو ایک تفصیلی اور تاریخی یادداشت پیش کی، جس میں بارڈر بندش سے پیدا شدہ عوامی مسائل کو اجاگر کیا گیا اور پارٹی کی دیرینہ اور واضح پالیسی کو دہراتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ بارڈر کو فوری طور پر کھولا جائے، شفاف اور منصفانہ ویری فکیشن کا نظام وضع کیا جائے اور عوام کی معاشی زندگی کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

اس تاریخی ریلی نے نہ صرف پنجگور بلکہ پورے بلوچستان میں ایک مضبوط عوامی پیغام دیا کہ بارڈر اور ائیرپورٹ کی بندش سے لاکھوں افراد کی روزی روٹی، نقل و حمل، تجارت، اور بنیادی زندگی کے ذرائع بْری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔ ریلی میں شریک مقررین نے کہا کہ بارڈر صرف ایک تجارتی راستہ نہیں بلکہ خطے کے ہزاروں خاندانوں کے لیے زندگی کا سہارا ہے۔ اس کی بندش عوامی معاشی قتل کے مترادف ہے۔

یادداشت میں بی این پی عوامی نے واضح کیا کہ سابق ادوار میں پارٹی نے ہمیشہ ایک منصفانہ اور سب کے لیے مساوی کاروباری مواقع پر یقین رکھا ہے۔

بارڈر کی بندش نے مقامی نوجوانوں کو بیروزگاری، احساسِ محرومی اور بدامنی کی طرف دھکیل دیا ہے، جو کہ ایک خطرناک رجحان ہے۔

ریلی میں شریک عوام نے پرزور انداز میں مطالبہ کیا کہ بارڈر کو کھول کر شفاف طریقہ کار کے تحت تجارتی سرگرمیوں کو بحال کیا جائے۔ یادداشت میں مزید کہا گیا کہ بی این پی عوامی آئندہ بھی اپنے عوامی مؤقف پر قائم رہے گی اور پرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کے معاشی اور بنیادی حقوق کا دفاع کرتی رہے گی۔

پارٹی قیادت نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس عوامی آواز کو ارباب اختیار تک پہنچائے اور فوری مثبت اقدامات عمل میں لائے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ریلی میں بی این پی عوامی کے مرکزی اوورسیز سیکریٹری شکیل احمد بلوچ، مرکزی رہنما نثار احمد بلوچ، مرکزی اسپورٹس سیکریٹری رحمدل بلوچ، ضلعی آرگنائزر میر حاصل بلوچ، ڈپٹی ضلعی آرگنائزر حاجی محمد یاسین زہری، ڈپٹی مئیر حاجی عبد الباقی بلوچ سمیت پارٹی کے مرکزی و ضلعی قائدین نے شرکت کیا۔