|

وقتِ اشاعت :   October 21 – 2025

 

کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے شازیہ خالد کیس سے متعلق محسن بیگ کی حالیہ ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ “گزشتہ پندرہ برس سے میں یہ بات دہرا رہا تھا کہ ڈیرہ بگٹی کے شازیہ خالد کیس میں کیپٹن حماد کا کوئی کردار نہیں تھا، مگر حقیقت کو مسلسل مسخ کیا گیا۔”

انہوں نے کہا کہ اب ایک ایسے عینی گواہ کے سامنے آنے سے، جو اس واقعے کا براہِ راست حصہ تھا، وہ سچ بالآخر سب کے سامنے آ گیا ہے جس پر وہ برسوں سے قائم تھے۔ سرفراز بگٹی نے محسن بیگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “میں محترم محسن بیگ صاحب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے دیانت کے ساتھ قوم کے سامنے اصل حقائق رکھ کر تاریخ کو درست کیا۔”

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ بلوچستان کی کہانی ہمیشہ یکطرفہ بیانیے کے ذریعے پیش کی جاتی رہی ہے، جس کا وہ ابتدا سے ناقد رہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “آج بھی کچھ اینکرز کیپٹن حماد کو ہی  قصوروار قرار دیتے ہیں، اور دیتے رہیں گے، ان کا مقصد شاید مقبولیت ہو، مگر ہرگز حقائق پر مبنی رپورٹنگ نہیں۔