|

وقتِ اشاعت :   October 22 – 2025

بلوچستان حکومت کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے چین سے 81 کروڑ روپے کی لاگت سے خریدی گئی 21 جدید بسیں کراچی بندرگاہ پر پہنچ گئی ہیں۔
بسیں بلوچستان کے مختلف شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے استعمال کی جائیں گی جس سے صوبے کے عوام کو سفر کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب خان کاکڑ کے مطابق یہ بسیں چین کی ایک معروف کمپنی سے حاصل کی گئی ہیں اور ان کی خریداری کا معاہدہ چند ماہ قبل طے پایا تھا۔
بسیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں، جن میں ایئر کنڈیشنڈ سسٹم، آرام دہ سیٹیں، سیکورٹی کیمرے اور ماحول دوست انجن شامل ہیں۔
ہر بس کی اوسط لاگت تقریباً 3.85 کروڑ روپے ہے، جو مجموعی طور پر 81 کروڑ روپے بنتی ہے اور یہ خریداری بلوچستان حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کا حصہ ہے جس کا مقصد صوبے کے دور دراز علاقوں کو مرکزی شہروں سے جوڑنا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے سینیئر افسر علی درانی نے بتایا کہ بسیں کراچی سے کوئٹہ اور دیگر اضلاع تک منتقل کی جائیں گی جہاں انہیں سرکاری ٹرانسپورٹ سروسز میں شامل کیا جائے گا، یہ بسیں نہ صرف مسافروں کی تعداد میں اضافہ کریں گی بلکہ سڑکوں پر ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی، خاص طور پر بلوچستان کے دیہی علاقوں میں جہاں ٹرانسپورٹ کی کمی ہے یہ ایک اہم قدم ہے۔
حکومت کی جانب سے مزید بسیں خریدنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے تاکہ صوبے بھر میں عوامی ٹرانسپورٹ کو مزید وسعت دی جا سکے، یہ بسیں چین سے سمندری راستے سے پاکستان پہنچی ہیں اور کسٹم کلیئرنس کے بعد انہیں بلوچستان منتقل کیا جائے گا ۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے شہریوں کیلئے سستی، آسان اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے بہترین اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جس سے کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان بڑے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی وجہ سے عوام کو درپیش مسائل حل ہونے کے ساتھ مقامی خاص کر چھوٹے تاجر اس سے مستفید ہونگے۔
بلوچستان بڑا صوبہ ہے ایک شہر سے دوسرے شہر و اضلاع کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کا خاص بندوبست نہیں مگر اب شہروں میں نئی جدید بسیں چلنے سے ملازمین، اسٹوڈنٹس سمیت ہر طبقہ اس سے مستفید ہوگا۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے عوام کیلئے جدید بسیں فراہم کرنا، پبلک ٹرانسپورٹ میں بہتری لانا بڑا تحفہ ہے۔