|

وقتِ اشاعت :   October 23 – 2025

کوئٹہ:  بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر اشوک کمار کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ، صفیہ فضل، سیکریٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، اسپیشل سیکریٹری عبدالرحمان، چیئرمین بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کیپٹن (ر)جاوید خان اور ایڈیشنل سیکریٹری قانون سعید اقبال نے شرکت کی۔اجلاس میں بلوچستان سیف اینڈ انوائرمینٹلی سانڈ ری سائیکلنگ آف شیپس بل 2025 کے مسودہ قانون پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

یہ بل شپ ری سائیکلنگ انڈسٹری کے عالمی معیار سے ہم آہنگی، ماحولیاتی تحفظ اور گڈانی شپ ری سائیکلنگ یارڈ کو جدید تقاضوں کے مطابق ترقی دینے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔

گڈانی دنیا کی تیسری بڑی شپ ری سائیکلنگ انڈسٹری ہے، جو ہزاروں محنت کشوں کو روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ صوبائی اور وفاقی محصولات میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔

پاکستان کی ہانگ کانگ کنونشن 2009 میں شمولیت کے بعد یہ قانون ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے کہ شپ ری سائیکلنگ کے موجودہ طریقہ کار کو بین الاقوامی معیارات کے مطابق بنایا جائے۔

اس مجوزہ قانون کے ذریعے بلوچستان میں محفوظ، پائیدار اور ماحولیاتی طور پر ذمہ دار شپ ری سائیکلنگ کا جامع نظام قائم کیا جائے گا۔اس بل کے نفاذ سے بلوچستان کی شپ ری سائیکلنگ انڈسٹری عالمی سطح پر مسابقتی، ماحول دوست اور سرمایہ کاری کے لیے موزوں بن جائے گی۔

یہ قانون صوبے میں صنعتی ترقی، روزگار کے مواقع اور پائیدار معیشت کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔کمیٹی کے اراکین نے بل پر تفصیلی مشاورت کے بعد اسے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کرنے کی سفارش کی۔

چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر اشوک کمار نے کہا کہ ہم بلوچستان کے اداروں کو مضبوط بنانے اور صوبے کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے مثر قانون سازی کر رہے ہیں۔ عنقریب گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کا دورہ کیا جائے گا تاکہ زمینی حقائق کا جائزہ لیا جا سکے۔