|

وقتِ اشاعت :   October 23 – 2025

مستونگ:  لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنا بلوچستان کے عوامی و قبائلی ڈھانچے پر حملہ ہے نیشنل پارٹی مستونگ نیشنل پارٹی مستونگ کے ضلعی ترجمان نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں حکومت کی جانب سے لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے فیصلے کو انتہائی افسوسناک، غیر دانشمندانہ اور بلوچستان کے تاریخی و سماجی حقائق سے ناواقفیت پر مبنی قرار دیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ لیویز فورس نہ صرف بلوچستان کے روایتی نظم و نسق کا حصہ ہے بلکہ یہ فورس دہائیوں سے عوام اور ریاست کے درمیان ایک پْل کا کردار ادا کر رہی ہے۔

اسے پولیس میں ضم کرنا مقامی خودمختاری، قبائلی ہم آہنگی اور امن و امان کے اس نظام کو شدید نقصان پہنچائے گا جو صدیوں سے بلوچ سماج میں رائج ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی اس اقدام کو بلوچستان کے عوام کے ساتھ ایک انتظامی زیادتی اور مرکزیت پسندی کے خطرناک مظہر کے طور پر دیکھتی ہے۔

حکومت اگر واقعی صوبے میں امن و استحکام چاہتی ہے تو اسے مقامی اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا، نہ کہ ان کی شناخت اور خودمختاری کو ختم کیا جائے۔

حکومت فوری طور پر اس فیصلے کو واپس لے اور لیویز فورس کے ادارہ جاتی ڈھانچے کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنانے کے لیے موثر اقدامات کرے۔ بصورت دیگر نیشنل پارٹی اس کے خلاف عوامی سطح پر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے.