کوئٹہ: بلوچستان کے عوام، خصوصاً ضلع مستونگ کے باسیوں کے دیرینہ مطالبے پر بالآخر عملدرآمد کرتے ہوئے لکپاس ٹنل پر قائم ایف سی چیک پوسٹ کو منتقل کر دیا گیا ہے یہ تاریخی اقدام مستونگ کے وکلاء کی جانب سے دائر کردہ ایک آئینی پٹیشن کے نتیجے میں ممکن ہوا۔
اس پٹیشن کی قیادت ایڈووکیٹ حمید بنگلزئی (چیئرمین یونین کونسل سورگز مستونگ) نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ مستونگ کے وکلاء نے بھی فعال کردار ادا کیا۔بلوچستان ہائی کورٹ نے چیف جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی کی سربراہی میں 30 ستمبر کو ایک تاریخی فیصلہ سنایا، جس میں عدالت نے ایف سی چیک پوسٹ کو لکپاس ٹنل سے ہٹا کر کسی کھلے اور مناسب مقام پر منتقل کرنے کا حکم دیا۔عدالتی فیصلے پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے صوبائی حکومت نے ایف سی چیک پوسٹ کو لکپاس ٹنل سے دشت منتقل کر دیا ہے۔
اس اقدام سے شاہراہ کی بندش، غیر ضروری تاخیر اور مسافروں کی مشکلات کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
بلوچستان کے عوام، ٹرانسپورٹرز، سماجی تنظیموں اور مختلف مکاتبِ فکر نے عدالتِ عالیہ اور مستونگ کے وکلاء برادری کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے،
جنہوں نے بغیر کسی سیاسی مفاد کے عوامی مسئلے کو اجاگر کر کے انصاف کے دروازے تک پہنچایا۔یہ فیصلہ نہ صرف لکپاس بلکہ پورے بلوچستان کے عوام کے لیے قانونی جدوجہد، عوامی اتحاد اور پرامن راستے سے انصاف کے حصول کی ایک روشن مثال ہے