تربت: ایف سی بلوچستان ساؤتھ کے زیر اہتمام جنوبی بلوچستان کے ضلع کیچ میں “معاشرتی ترقی میں بلوچ خواتین کا کردار” کے عنوان سے ایک اہم سیمینارمنعقد ہوا۔
سیمینارکا مقصد بلوچستان کی خواتین کی معاشرتی و سماجی اہمیت اور علاقائی ترقی میں ان کے کردارکو اجاگر کرنا تھا۔سیمینارمیں ارکان بلوچستان اسمبلی، مقامی سیاست دانوں، سول انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں کے نمائندگان، اساتذہ، ڈاکٹرز، دانشوروں اور طالبات سمیت مختلف شعبہء زندگی سے تعلق رکھنے والی لگ بھگ200 خواتین نے شرکت کی۔
سیمینار کے پینل میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ، صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینامجید، سابق رکن بلوچستان اسمبلی ماہ جبین شیران اور یونیورسٹی آف بلوچستان کی پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ حبیب شامل تھے۔
پینل ممبران نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ خواتین نے ہمیشہ معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بلوچ خواتین باہمت، باحوصلہ اور ہرمیدان میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
چاہے تعلیم ہو،طب، بیوروکریسی، سکیورٹی، سیاست یا انتظامی امور بلوچ خواتین نے ہر موقع پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔سوال و جواب اور انٹریکٹو سیشن کے دوران شرکاء نے بلوچ خواتین کے ابھرتے کردار کو باعث فخر قرار دیا۔ آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرتی ترقی ایک منظم ارتقائی عمل ہے، جس میں بلوچ خواتین کا کردار نہایت اہم ہے۔
آج بلوچ خواتین اپنی محنت، عزم اور صلاحیتوں کے بل پر قومی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ ترقی کے اس سفر میں اپنے اخلاقی و ثقافتی اقدار کو برقرار رکھیں، مشکلات کے سامنے ہمت نہ ہاریں، دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری سے نبھائیں۔ سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کو دہرایا کہ بلوچ خواتین کو تعلیم، روزگار اور قیادت کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے اقدامات جاری رہنے چاہیے،
تاکہ وہ صوبے کی ترقی اور استحکام میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔