کوئٹہ : بلوچستان کے سیاسی مذہبی جماعتوں اور غیر سرکاری تنظیموں کے رہنمائوں سید الطاف حسین شاہ ، علامہ ہاشم موسوی ، حافظ ادریس مغل، فاطمہ خان، آرزو خان، سید ضیاء الدین سمیت دیگررہنمائوں نے کہا ہے کہ آج کے اس پروگرام میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے غریب اور نادار 10 جوڑوں کی اجتماعی شادی عمل میں لائی گئی ہے جس کا مقصد لوگوں کو شادی کے نیک اور پاک بندھن میں باندھ کر انہیں برائی سے بچانا ہے ۔
کیونکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی غریب لوگوں کو شادی جیسے مقدس بندھن سے دور کردیا ہے اتحاد بین السادات ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے یہ نیک فریضہ سر انجام دیا گیا ہے جو قابل تحسین اقدام ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں اجتماعی شادی کی تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ اتحاد بین السادات ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیئرمین سید الطاف حسین شاہ اور ان کی ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے جنہوں نے اس نیک مقصد کے لئے گزشتہ دو سالوں سے اپنی کاوشیں شروع کررکھی ہے پہلے سال انہوں نے 6 غریب جوڑوں کی اجتماعی شادی کروائی تھی اور اس سال 10 جوڑوں کی اجتماعی شادی کروائی ہے جس میں ہر جوڑے کو اپنی مدد آپ کے تحت اپنی بساط کے مطابق اور مخیر حضرات کے تعاون سے انہیں ضروریات زندگی کے لئے فرنیچر اور دیگر گھریلو سامان دیا ہے جس کی مالیت تقریباً فی جوڑے ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد کا سامان دیا ہے ۔
مقررین نے کہا کہ اس طرح کے نیک کاموں میں ہم سب کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے تاکہ غریب لوگوں کو بڑھتی ہوئی مہنگائی کی مناسبت سے شادی جیسے مقدس بندھن میں بندھا جاسکیں۔ اس موقع پر اتحاد بین السادات ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیئرمین سید الطاف حسین شاہ نے کہا کہ ہماری تنظیم نے گزشتہ دو سالوں سے بلوچستان بھر میں اجتماعی شادیوں کا سلسلہ شروع کیا ہے اور آج اس حوالے سے دوسری اجتماعی شادیوں کی تقریب ہے جس میں مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں کے علاوہ خواتین رہنماء بھی شریک ہیں۔
ہم نے یہ تمام اقدامات اپنی مدد آپ کے تحت اور اپنے کچھ مخیر حضرات کے تعاون سے پورے کئے ہیں ہماری کوشش ہے کہ اس سلسلے کو مزید بڑھائیںتاکہ زیادہ سے زیادہ غریب لوگ اس سے فائدہ اٹھاسکیں۔