|

وقتِ اشاعت :   October 31 – 2025

کوئٹہ:  بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظرشہر میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے

جبکہ کوئٹہ شہر میں موبائل انٹرنیٹ ڈیٹاسروس بھی بند رہی تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظرسیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے شہر میں پولیس،بلوچستان کانسٹیبلری،ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جبکہ ایف سی اور پولیس نے جگہ جگہ ناکے لگاکر مشکوک موٹرسائیکل سواروں اور گاڑیوں کی تلاشی کا کام بھی جاری رکھی شہر میں پولیس اور ایف سی کے مسلح دستے گشت کرتے رہے دہشت گردی کے پیش نظر انسکمب روڈ کی ایک سائیڈ کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا تھا

یہاں تک کہ شہریوں کوپیدل بھی اس طرف جانے کی اجازت نہیں دی تھی جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں بھی خلل پڑاکوئٹہ شہر میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جو نماز کی ادائیگی کیلئے آنے والے شہریوں کو جامع تلاشی کے بعد مساجد اورامام بارگاہوں میں جانے کی اجازت دے رہے تھے

جبکہ ایم پی ایز ہاسٹل میں واقع مسجد کو عام شہریوں کو نماز کی ادائیگی سے روک دیا گیا جس سے نمازیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کی ہدایات پر کوئٹہ شہر میں موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا سروس بھی بند رہی جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔