|

وقتِ اشاعت :   November 2 – 2025

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزاد، ذمہ دار اور محفوظ صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے

انہوں نے کہا کہ صحافی حقائق اجاگر کرنے، عوامی شعور بیدار کرنے اور معاشرے کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،

اس لیے ان کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان حکومت اس بات پر پُرعزم ہے کہ صحافی برادری کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں آزادانہ طور پر انجام دینے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کی سکیورٹی، فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں صحافیوں کے خلاف تشدد، دھمکی یا دباؤ کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔

اختلافِ رائے جمہوری معاشروں کی خوبصورتی ہے اور صحافت کی آزادی کو ہمیشہ احترام کے ساتھ برقرار رکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے وزیر اعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے صحافی پیشہ ورانہ دیانت، غیر جانب داری اور عوامی مفاد کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صحافت کے فروغ اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔