|

وقتِ اشاعت :   November 3 – 2025

کوئٹہ:  سینئر سیاستدان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل، سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ،عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، صوبائی اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئرزمرک خان اچکزئی کو خطوط ارسال کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان اسمبلی سے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پرہونے والی نئی قانون سازی میں بلوچستان کے مفادات کا دفاع کریں۔

گزشتہ روز غلام رسول لہڑی ایڈووکیٹ، ڈاکٹر عبدالصمد بنگلزئی، یاسین کھوسہ اور بابا رئیسانی پر مشتمل وفد نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ اور مرکزی رہنما ٹکری شفقت لانگو سے بلوچستان ہائیکورٹ میں ملاقات کرکے سینئر سیاستدان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی جانب سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل، سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ کے نام لکھے گئے خطوط ان کے سپرد کئے،

قاری اختر شاہ کھرل، حاجی رحیم ترین اور زمرک دومڑ پر مشتمل وفد نے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی اور بلوچستان اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی کو لکھے گئے خطوط پارٹی کے مرکزی سیکرٹری سردار رشید ناصراور مرکزی جوائنٹ سیکرٹری انور مندوخیل سے ملاقات میں ان کے سپرد کئے، دریں اثنا نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے رابطہ کرنے پر بتایا ہے کہ بلوچستان کا مستقبل اس سرزمین کے وسائل سے منسلک ہے ایسے میں جعلی قانون سازی آئندہ نسلوں کیلئے تشویشناک ہے،

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وہ جماعتیں جو پارلیمان میں موجود ہیں یا پارلیمان سے باہر ہیں ان کو مرحلہ وار خطوط ارسال کئے جارہے ہیں تاکہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر بلوچستان اسمبلی میں جو نئی قانون سازی ہورہی ہے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئندہ نسلوں کے مفاد میں اپنا کردار ادا کریں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایسا نہیں ہوگا کہ پانچ سال کے اقتدار کیلئے سینکڑوں سالوں کے مستقبل کی لوٹ مار ہو اس لیے تمام سیاسی جماعتوں کو خطوط ارسال کرکے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ حالات نے سیاسی جماعتوں کو دوبارہ موقع دیا ہے کہ وہ اس قانون کا راستہ روک کر بلوچستان کے اجتماعی قومی مفادات کا دفاع کریں۔

One Response to “سردار اختر مینگل، اصغر خان ،زمرک اچکزئی کو خطوط ارسال،مائنز اینڈ منرلز ایکٹ میں بلوچستان کے مفادات کا دفاع کیا جائے، لشکری رئیسانی”

Comments are closed.