|

وقتِ اشاعت :   November 3 – 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر علی پرویز ملک سے پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی، قابلِ تجدید انرجی، کریٹیکل منرلز، اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان کئی شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کینیڈین کمپنی بیرک گولڈ (Barrick Gold) کامیابی کے ساتھ ریکو ڈک منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ کینیڈا پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اور مستقبل میں سرمایہ کاری کے دائرے کو مزید بڑھانے کی خواہش رکھتا ہے۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے اس موقع پر کہا کہ ریکو ڈک منصوبہ پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ منصوبہ ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریکو ڈک پاکستان کی کان کنی میں نئے معیار متعارف کرا رہا ہے، اور اس سے متصلہ علاقوں میں متعدد دیگر منصوبوں کے لیے بھی شاندار مواقع موجود ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان کینیڈا کے ساتھ مضبوط اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔علی پرویز ملک نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری مثبت تعلقات مستقبل میں تجارتی، صنعتی، اور تکنیکی تعاون کے مزید دروازے کھولیں گے