|

وقتِ اشاعت :   November 4 – 2025

کراچی :  ضلع اٹک کے علاقے ڈھوک سلطان میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ یہ دریافت پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے اپنے جوائنٹ وینچر پارٹنر کے ساتھ مشترکہ طور پر کی ہے۔ پی پی ایل کے مطابق، ڈھوک سلطان 3 کنویں سے یومیہ 1400 بیرل خام تیل ، 2.5 ملین مکعب فٹ قدرتی گیس اور 15 ٹن ایل پی جی حاصل ہونے کی توقع ہے۔

کمپنی کے بیان کے مطابق پی پی ایل اس منصوبے میں 75 فیصد حصے دار ہے۔ مشترکہ منصوبہ کے تحت کنویں سے حاصل ہونے والا تیل ڈھوک سلطان آئل ہینڈلنگ فیسلٹی پر اور گیس میال گیس پروسیسنگ فیسلٹی میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ جبکہ تیل کو اٹک ریفائنری لمیٹڈ کو اور گیس کو سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کو حکومت کے مقرر کردہ خریداروں کے طور پر فروخت کیا جا رہا ہے۔

اس انتظام کے تحت پیداوار کو بڑھا کر یومیہ 1,400 بیرل تیل، 2.5 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس اور 15 ٹن ایل پی جی تک پہنچانے کی صلاحیت حاصل ہوئی ہے۔

ڈھوک سلطان–03 سے پیداوار کا آغاز ملک میں توانائی کی طلب و رسد کے فرق کو کم کرنے اور مقامی ہائیڈروکاربنز کی پیداوار کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ کے تحفظ میں مثبت کردار ادا کرے گا۔ پی پی ایل اپنی پیداوار کو محفوظ، مؤثر اور کم لاگت طریقے سے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ملک کی طویل المدتی توانائی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے اور قومی معیشت کی پائیدار ترقی میں اپنا مؤثر حصہ ڈال سکے۔