کوئٹہ: امیر جماعتِ اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کا خضدار کا تنظیمی دورہ یہ دورہ جماعتِ اسلامی بلوچستان کی تنظیمی سرگرمیوں اور آئندہ ہونے والے اجتماعِ عام لاہور21، 22، 23 نومبر کی تیاریوں کے حوالے سے نہایت اہمیت تھا۔
مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کی جامعہ اسلامیہ تفہیم القرآن، نیو قادر آباد خضدار میں آمد ہوئی، اس سے پہلے کارکنوں نے ان کا زیرو پوائنٹ پرتپاک استقبال کیابعدازاں انہوں نے اجتماع زمہ داران اجلاس میں شرکت کی۔
اس اجلاس میں امیر ضلع عبید اللہ ساسولی نائب امراء علی اکبر زہری،انجنیئر وسیم زہری،قاری محمد قاسم زہری،سابقہ امیر ضلع حکیم غلام عمر، تحصیل وڈھ کے امیر عبدالباسط گزگی،جنرل سیکرٹری ضلع عبدالباسط شاہد،امیر تحصیل خضدار جمیل احمد غلامانی سمیت مختلف تحصیلوں اور یونٹس کے ذمہ داران شریک تھے۔
اجلاس میں ضلعی سطح پر تنظیمی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے اہداف طے کیے گئے۔
خاص طور پر جماعتِ اسلامی پاکستان کے زیرِ اہتمام لاہور میں ہونے والے عظیم الشان اجتماعِ عام کی تیاریوں پر گفتگو ہوئی مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعِ عام محض ایک پروگرام نہیں بلکہ ایک تحریکی اور انقلابی پیغام ہے جس کا مقصد قوم کو اسلامی نظامِ عدل، خودداری اور استقامت کا شعور دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ہر شہر، تحصیل اور بستی میں جماعتِ اسلامی کے کارکنان اخلاص اور استقامت کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خضدار کے کارکنان اپنی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنائیں عوامی رابطہ مہم کو وسعت دیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو لاہور کے اجتماع میں شرکت کی دعوت دیں۔
مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا کہ اجتماعِ عام ایک نئی امید اور بیداری کا آغاز ثابت ہوگاجس میں ملک بھر سے لاکھوں افراد شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کارکنان کی جدوجہد، قربانیاں اور عزم ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں، اور خضدار اس تحریکی جدوجہد میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔اجلاس کے بعد مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کمشنر قلات ڈویڑن طفیل بلوچ اور ڈپٹی کمشنر خضدار عبد الرزاق ساسولی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں امن و امان کی صورتحال،عوامی سہولیات اور انتظامی امور پر گفتگو ہوئی۔
مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا کہ خضدار بلوچستان کا ایک اہم اور حساس ضلع ہے جہاں امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام اداروں کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے مقامی انتظامیہ کو جماعتِ اسلامی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آخر میں مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جماعتِ اسلامی بلوچستان اپنی عوامی خدمت، دینی بیداری، اور امن و ترقی کے لیے جدوجہد کو مزید تیز کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری منزل قرآن و سنت کے عادلانہ نظام کا قیام ہے، اور یہ جدوجہد عوام کے ساتھ مل کر ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔