کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم کے دو روزہ دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان اور اردن کے دیرینہ، برادرانہ اور باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات کی مضبوطی کا اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر شاہ عبداللہ دوم کا پاکستان آنا اس حقیقت کی گواہی ہے کہ دونوں ممالک نہ صرف خطے کے امن و استحکام کے لیے ایک سوچ رکھتے ہیں
بلکہ سیاسی، معاشی اور ثقافتی میدانوں میں بھی ایک دوسرے کے حقیقی شراکت دار ہیں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزراء کی جانب سے شاہ عبداللہ دوم کا پرتپاک استقبال اس بات کا اظہار ہے کہ پاکستان اردن کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیرِ اعظم ہاؤس میں ہونے والی دو طرفہ اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے نئے دروازے کھولیں گی، خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، خطے کے امن اور ثقافتی روابط کے شعبوں میں پیش رفت متوقع ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان اور اردن کے تعلقات محض سفارتی نوعیت کے نہیں بلکہ تاریخی، مذہبی اور عوامی سطح کی قربتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ شاہ عبداللہ دوم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان ان تعلقات کو مزید وسعت دے گا اور خطے میں امن، ترقی اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے نئی توانائی فراہم کرے گا
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر پاکستان اور اردن کے عوام کے درمیان بھائی چارے اور باہمی احترام کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی عوام بھی اردن کے ساتھ پاکستان کی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس دورے کے نتائج مثبت اور دیرپا ثابت ہوں گے۔