|

وقتِ اشاعت :   November 16 – 2025

کوئٹہ: جماعت اسلامی بلوچستان کے نومقرر نائب امیر ڈاکٹر شکیل روشن کی حلف برداری کی پروقار تقریب جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی دفتر میں الفلاح ہاؤس کوئٹہ منعقد ہوئی،

جس میں صوبائی امیرمولانا ہدایت الرحمان بلوچ جنرل سیکرٹری مرتضی خان کاکڑ، نائب امیر صوبہ زاہداختربلوچ امیرضلع کوئٹہ عبدالنعیم رند اوردیگرصوبائی ضلعی ذمہ داران،معزز عمائدین،سماجی شخصیات اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کی صدارت امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کی جنہوں نے پرودیسرڈاکٹر شکیل روشن سے باضابطہ طورپرنائب امیرصوبہ کی ذمہ داری کاحلف لیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک منظم، شفاف اور جمہوری نظام رکھنے والی ملک گیرمنظم دینی و سیاسی جماعت ہے جہاں ذمہ داریاں صلاحیت،کردار،علم،تقوی اور خدمت کی بنیاد پر مشاورت سے تفویض کی جاتی ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پروفیسرڈاکٹر شکیل احمدروشن اپنی علمی بصیرت، تحریکی وابستگی،سماجی خدمات اور انتظامی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر بلوچستان میں جماعت کی دعوتی، تنظیمی اور فلاحی سرگرمیوں کو مزید موثر بنائیں گے۔

نومقرر نائب امیر پوفیسرڈاکٹر شکیل روشن نے اپنے خطاب میں جماعت اسلامی کی قیادت پر اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو اللہ تعالی کی امانت سمجھ کر پوری دیانت داری کے ساتھ ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔ جماعت اسلامی ہی بلوچستان کے مسائل حل پریشان حال عوام کوحقوق دلاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیم، صحت، روزگار، امن و امان اور سماجی ہم آہنگی جیسے چیلنجز درپیش ہیں بدامنی بدعنوانی کاعلاج جماعت اسلامی جیسی دیانتدارحقیقی دینی جمہوری پارٹی کرسکتی ہے مسائل کے کے حل،حقوق کے حصول، ظلم وجبرکے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی اپنا مثبت، اصولی اور عوام دوست کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ڈاکٹر شکیل روشن نے خصوصاً نوجوانوں کو تحریک کا حقیقی سرمایہ قرار دیتے ہوئے ان کی دینی، علمی اور اخلاقی تربیت کو اولین ترجیح بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا محور عوام کی فلاح اور پاکستان میں اسلامی، منصفانہ اور شفاف نظام کا قیام ہے۔

انہوں نے ڈاکٹر شکیل روشن کی تقرری کو جماعت کے تنظیمی ڈھانچے کے لیے مضبوطی کا باعث قرار دیا۔

تقریب کے اختتام پر ملک و صوبے کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔