|

وقتِ اشاعت :   November 17 – 2025

لاہور:  رہنماء پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ کھڑے ہونے کا وقت آگیا، آج اس ملک میں شرافت، آئین اور قانون کی کوئی جگہ نہیں۔

لاہور ہائی کورٹ بار کے تحت 27ویں آئینی ترمیم کیخلاف اور مستعفی ججز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے جنرل ہائوس اجلاس ہوا جس کی صدارت لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر ملک آصف نسوانہ نے کی۔اجلاس میں سلمان اکرم راجہ، صدر لاہور بار مبشر رحمان چوہدری سمیت دیگر وکلا نے شرکت کی۔سلمان اکرم راجہ نے جنرل ہائوس اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ہمیں کھڑا ہونا ہے ہمیں اپنی آواز بلند کرنی ہے،

اس ملک میں عوام کے حقوق کی جنگ ابھی تک جاری ہے، عوام کو حقیر جانا جاتا ہے، آٹھ فروری کو جو ہوا وہ انسانیت کی توہین ہے، پاکستان واحد ملک ہے جہاں سول بندے کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوتا ہے، سپریم کورٹ نے ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائل کو رد کیا انہوں نے آئینی بینچ سے منظور کروا لیا۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اسی آئینی بینچ نے مخصوص نشستیں جو پی ٹی آئی کو ملنی تھی وہ دوسری پارٹیوں کو دے دیں، آئینی عدالت کا سربراہ وزیراعظم نے لگایا اور باقی جج اس سربراہ نے لگائے، ہماری برسوں کی جدوجہد ہے ہمیں اپنی نسلوں کے لیے اٹھنا ہوگا، ہم گھروں میں نہیں بیٹھ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ 2007 میں جب نکلے تھے تو دروازوں پر زنجیریں تھیں لیکن ہمارے جذبہ ایمانی نے زنجیریں توڑ دیں تھیں، آج پھر وقت آ گیا ہے کھڑے ہونے کا اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، آج اس ملک میں شرافت، آئین اور قانون کی کوئی جگہ نہیں ہے۔