کوئٹہ: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمارے وسائل کم مگر مسائل زیادہ ہیں. موجودہ حکومت کو صوبے میں بیشمار مسائل کے ساتھ محدود وسائل میں توازن قائم کرنے میں ایک اہم چیلنج کا سامنا ہے۔
اس سلسلے میں اپنے تمام ڈیپارٹمنٹس کو مستحکم بنانے اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے غریب عوام کو مستفید کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے کلچر زرین مگسی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے فشریز حاجی برکت رند سمیت کوئٹہ سے خروٹی قوم کے سربراہ ملک سید میر خروٹی اور ژوب ڈسٹرکٹ سے مسلم لیگ(ن) کے سلیم خان مندوخیل کی قیادت میں مختلف وفود سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم متوازن اور یکساں ترقی پر یقین رکھتے ہیں صوبے کے دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں کی تعمیر وترقی کو یقینی بنانے کے حوالے سے حکومت کا عزم بہت واضح ہے۔
گورنر مندوخیل نے گورننس میں شفافیت، ذمہ داری اور جوابدہی کی اہمیت کے ساتھ ساتھ پالیسی سازی میں عوامی شرکت کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ کوئٹہ شہر اور اس کے مضافات میں بھی عوام کئی بنیادی مسائل سے دوچار ہیں جن کے پائیدار حل کیلئے تمام وسائل کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔گورنر مندوخیل نے دونوں وفود کو درپیش مشکلات کے دیرپا حل کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔