کوئٹہ : پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ پشتونخوا نیپ کے قومی، نظریاتی اور انقلابی پروگرام کی بدولت عوام مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں،
جو ایک نہایت خوش آئند اور حوصلہ افزا امر ہے۔ یہ بات انہوں نے میر آصف مینگل کی سربراہی میں درجنوں افراد اور ان کے پورے خاندان کی پشتونخوا نیپ میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر پارٹی کے صوبائی آفس سیکریٹری ندا سنگر، پی ایس او کے صوبائی سیکریٹری وارث افغان، عالمو یونٹ کے سینئر معاون سیکریٹری محمد کریم اچکزئی، علاقائی معاون سیکریٹریز صمد افغان، عبدالظاہر خان اور دیگر پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔
صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کہا کہ میر آصف مینگل کی شمولیت اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ایک ایسی نظریاتی سیاسی جماعت ہے جو رنگ، نسل، فرقہ اور مذہب سے بالاتر ہوکر پوری پشتون افغان ملت اور محکوم اقوام کی حقیقی نمائندگی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیپ ملک میں حقیقی جمہوریت، سماجی عدل و انصاف، قوموں کی برابری، اپنے وسائل پر قومی حقِ حکمرانی اور حقِ ملکیت کے اصولوں کیلئے مسلسل اور غیر متزلزل جدوجہد کررہی ہے، اور پارٹی اپنی قوم کے دیرینہ قومی ارمانوں کی تکمیل کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک پر فارم 47 کی ناجائز حکومت مسلط ہے
جس کے باعث پشتونخوا وطن اور بلوچستان بدترین حالات سے گزر رہے ہیں۔
یہاں آگ و خون کا کھیل جاری ہے اور پوری فضا تباہی و بربادی سے بھری ہوئی ہے۔ نوجوان شدید بے روزگاری، معاشی بدحالی اور عدم تحفظ کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا پیکا ایکٹ، 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے بعد ملک میں دراصل دائمی مارشل لا نافذ کردیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں عدل و انصاف کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے۔
آج ملک میں خالص آمرانہ نظام نافذ ہے جہاں تمام اختیارات اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ میں ہیں جبکہ عوامی حکومتیں بے اختیار ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پشتونخوا وطن کے قیمتی، نایاب اور اربوں کھربوں ڈالر مالیت کے معدنی وسائل پر قبضے کے لیے منظم سازشیں کی جارہی ہیں۔
صوبائی اسمبلی سے منظور کردہ مائنز اینڈ منرل ایکٹ دراصل انہی وسائل کو مرکز کے حوالے کرنے کی کھلی کوشش ہے، جسے پشتونخوا نیپ کسی صورت تسلیم نہیں کرتی۔
اسی طرح لیویز فورس کو ختم کرکے صوبے پر پولیس کا بدترین اور ناقابلِ قبول نظام جبرا مسلط کیا جارہا ہے جس کا مقصد مقامی عوام کے حقِ اختیار کو کمزور کرنا ہے۔ نصراللہ خان زیرے نے واضح کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ان تمام عوام دشمن، استعماری اور غیر جمہوری اقدامات کے خلاف بھرپور اور مسلسل جدوجہد کرے گی اور عوام کے قومی حقوق کے تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔