|

وقتِ اشاعت :   November 27 – 2025

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بی اے پی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ ترجمان کے مطابق پارٹی کی قیادت مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسمنٹ اور انتخابی اتحاد پر غور کر رہی ہے، جبکہ عوام کی حمایت سے اس بار کوئٹہ کا میئر بھی بی اے پی سے ہوگا۔

 

جاری کردہ بیان میں ترجمان نے کہا کہ بلوچستان، خصوصاً کوئٹہ، متعدد بنیادی مسائل کا سامنا کر رہا ہے جن کے حل کے لیے بی اے پی ہی واحد سیاسی قوت ہے جو عملی اقدامات کی صلاحیت رکھتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد بی اے پی کے میئر اور چئیرمین نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دیں گے بجلی، گیس اور پانی جیسی بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے بی اے پی کے کونسلرز دن رات محنت کریں گے۔ کوئٹہ کے مختلف وارڈز سے بی اے پی کے امیدوار بھرپور انتخابی مہم چلا رہے ہیں، جبکہ یوتھ ونگ اور نوجوان کارکنوں پر یہ بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

 

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہے اور بعض وارڈز میں سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسمنٹ کے علاوہ انتخابی اتحاد پر بھی بات چیت جاری ہے۔