|

وقتِ اشاعت :   December 2 – 2025

کوئٹہ : چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت اربن فاریسٹ کے قیام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا

جس میں شہری علاقوں میں جنگلات کے فروغ سے متعلق منصوبوں پر غور وغوض کیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت نے سریاب روڈ پر ایک اہم شہری جنگلاتی منصوبے کا اعلان کیا ہے جو کہ 63 ایکڑ اراضی پر محیط ہوگا، اس سبز اقدام کا مقصد شہری ماحولیاتی نظام میں بہتری لانا ہے،

اس منصوبے میں ہزاروں درخت کو لگانے ہدف ہے تاکہ عوام کے لیے قابل رسائی سر سبز جگہ میسر آسکے،انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ قدرتی پودوں کو شہری انفراسٹرکچر کے ساتھ مربوط کرے گا، جو آلودگی اور گرمیوں میں درجہ حرارت کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ اربن فارسٹ کا کاربن کریڈٹس پر مثبت اثر پڑتا ہے کیونکہ یہ درختوں کی تعداد بڑھا کر کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کرتے ہیں، جو گرین ہاؤس گیسز میں کمی کا باعث بنتا ہے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ سڑک کے ساتھ بھی درخت لگائے جائیں۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ اربن فاریسٹ کے ساتھ رہائشی اور کمرشل علاقے کی تعمیر بھی ہوگی جس میں ہسپتال، سکول، پارکنگ اور مال شامل ہیں۔ جو کہ حکومت کے لیے آمدنی کا باعث بھی بنے گا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات ذاہد سلیم، سیکرٹری جنگلات عبدالفتح بھنگر، سیکرٹری یو پی اینڈ ڈی اسحاق جمالی، سیکرٹری پی ایچ ای ہاشم غلزئی، سیکرٹری ماحولیات علی اکبر بلوچ، کمشنر کوئٹہ شاہ زیب کاکڑ، ڈائریکٹر جنرل کیو ڈی اے اورنگ زیب کاسی نے شرکت کی۔