|

وقتِ اشاعت :   December 2 – 2025

ریاض: سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور روس کے نائب وزیرِاعظم الیگزینڈر نوواک نے آج سعودی عرب اور روس کے درمیان باہمی طور پر ویزا سے استثنا کے معاہدے پر دستخط کیے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی روسی تجارتی فورم جاری ہے۔

سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تیزی سے ترقی کرتی ہوئی شراکت داری کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے اور انسانی روابط کے لیے مزید وسیع امکانات پیدا کرتا ہے۔

اس کے علاوہ یہ معاہدہ سیاحت، کاروبار اور ثقافت کے شعبوں میں تبادلے کے مواقع بڑھانے میں مدد دے گا، جس سے باہمی تعلقات مضبوط ہوں گے اور دوطرفہ تعاون میں اضافہ ہو گا۔

اسی حوالے سے معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے شہریوں کو بغیر ویزا کے داخلے کی اجازت ملے گی اور وہ 90 روز تک سیاحت، کاروباری دوروں اور رشتے داروں و دوستوں سے ملاقات کے لیے قیام کر سکیں گے۔ تاہم یہ معاہدہ ان افراد پر لاگو نہیں ہوتا جو ملازمت، تعلیم، رہائش یا حج کے مقصد سے آنا چاہتے ہیں کیونکہ ان کے لیے مخصوص ویزا حاصل کرنا ضروری ہو گا۔سعودی عرب نے پہلی بار کسی ملک (روس کی فیڈریشن)کے ساتھ ایسا معاہدہ کیا ہے جو عام پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو ویزا سے استثنیٰ فراہم کرتا ہے۔