گوادر: حق دو تحریک کے سربراہ اور ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ سمندری طوفان سے متاثر ہونے والے پسنی کے ماہی گیروں کے نقصان کے ازالے کے لیے 17 کروڑ روپے منظور کرائے ہیں،
اورماڑہ کے آچار ہاؤسنگ اسکیم اور پسنی کے زرین ہاؤسنگ اسکیم کو دوبارہ بحال کرا رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پسنی میں آل پارٹیز اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔
ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی سربراہی میں پسنی کے آل پارٹیز کا اجلاس پبلک ویلفئیر کلب پسنی میں منعقد ہوا جس میں نیشنل پارٹی ،بی این پی، حق دو تحریک، جمعیت علمائے اسلام،پی ڈبلیو ڈی او اور پسنی سول سوسائٹی کے اراکین شامل تھے اجلاس میں آل پارٹیز پسنی کے اراکین نے پسنی کے مسائل ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے سامنے پیش کیے۔
اس موقع پر ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے آل پارٹیز اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی اے کا یہ منصب ہمیں بڑی مشکلات کے بعد ملی ہے مجھ پر اور میرے کارکنوں پر قتل کے مقدمات درج ہوئے اور ایم پی اے منتخب ہونے سے پہلے میں نے جو تقاریر کی ہیں وہ مجھے اب بھی یاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پسنی فش ہاربر اتھارٹی کے بارے صوبائی اسمبلی میں تقریر کی اور سوال بھی اْٹھائے ہیں اور ابھی گزشتہ دنوں ایم پی اے ظہور بلیدی کی سربراہی میں ایک اجلاس ہوا تھا اْس میں بھی پسنی فش ہاربر اتھارٹی زیر بحث تھا انھوں نے کہا کہ وہ پانچ سال میں پسنی فش ہاربر کو بحال کرنے کی کوشش کررہا ہے اور پانچ سال بعد اگر میں نتائج نہ دے سکا تو قوم مجھے خود مسترد کردیگی۔ انہوں نے کہا کہ میں ضلع گوادر کا ایم پی اے ہوں اور میرے پاس گاڑی نہیں ہے
اور پسنی فش ہاربر کے ایم ڈی کے پاس گاڑیوں لمبی قطار ہے انھوں نے کہا کہ میں نے وزیراعلی بلوچستان کو بتایا ہے کہ ہمیں پسنی فش ہاربر اتھارٹی کا ایم ڈی کسی بھی طرح قبول نہیں ہے
اور ایم ڈی نے اپنے تعلقات استعمال کیے اور مجھے مختلف زرائع سے فون آئے کہ ایم ڈی کو چھوڑ دیں لیکن وہ میرے علاقے میں بیٹھا ہے تو اْسے پسنی فش ہاربر پر بحال کرنا ہوگا یہاں پر ڈیوٹی دینا ہوگا۔ مولانا ہدایت الرحمان نے بتایا کہ پسنی گندگی میں مبتلا ہوچکا ہے اب یہ ہر کونسلرز کی زمہ داری بنتی ہے کہ وہ حکومتی وسائل کو اچھے طریقے سے استعمال کریں پیسے پلاننگ کے تحت کام میں لائے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ گوادر میں ہم نے میونسپل کمیٹی پولیس بنائی ہے جو گندگی پھیلانی والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہیں انھوں نے کہا کہ جو گوادر شہر مجھے ملا تھا وہ 70 فیصد گٹر میں مبتلا تھا
لیکن ابھی ہم نے کوشش کرکے اْسے صاف کیا ہے، سڑکوں پر اسٹریٹ ہائٹس لگائے جارہے ہیں لیکن پسنی کا میونسپل کمیٹی ہمارے حوالے نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میںپسنی زیروپوائنٹ سے لوگوں کے کچن چلتے تھے کراچی کے ہوٹلوں میں ٹرالرزمافیا سے پیسے لیے جاتے تھے لیکن میں ایسا نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ گوادر میں کچھ قوتیں سیاسی نمائندوں کو کریڈٹ ن دینا نہیں چاہتے بحیثیت ایم پی اے اگر ہم روڈ بناتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ یہ سابقہ دور کے فنڈز تھے۔انہوں نے کہا کہ کوشش کررہے ہیں
کہ اورماڑہ اور پسنی میں قبضہ مافیا کا خاتمہ کیا جائے اور زرین ہاؤسنگ اسکیم جو ایک ہزار ایکڑ پر مشتمل تھا اْس پر قبضہ کیا گیا لیکن ابھی میں نے اْس کو ڈھائی ہزار ایکڑ کرا رہے ہیں تاکہ پسنی کے لوگ اْس سے مستفید ہوں اور اپنے دور اقتدار میں ہی زرین ہاؤسنگ اسکیم کو بحال کرائینگے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اورماڑہ کے آچار اسکیم کی دوبارہ منظوری کرائی ہے اور پسنی کے جن ماہی گیروں کو نقصان ہوا تھا اْنکے نقصان کے ازالے کے لیے 17 کروڑ روپے منظور کرائے گئے ہیں۔