|

وقتِ اشاعت :   December 5 – 2025

مستونگ: مستونگ میں ’’ایک افسر، تین کرسیاں‘‘ کا نیا ریکارڈ قائم,محمد اسلم چیف آفیسر میونسپل کمیٹی بھی تعینات، نوٹیفکیشن جاری۔

محکمہ لوکل گورنمنٹ نے بالآخر مستونگ میں ’’ون مین شو‘‘ کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

محمد اسلم کو چیف آفیسر میونسپل کمیٹی مستونگ تعینات کر دیا گیا ہے،

جبکہ وہ پہلے ہی چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل مستونگ اور محکمہ لوکل گورنمنٹ مستونگ میں ڈویلپمنٹ آفیسر کے عہدوں پر بھی براجمان ہیں۔

یعنی اب مستونگ میں ترقیاتی منصوبے بھی ایک ہی آفیسر دیکھے گا، بلدیاتی امور بھی وہی چلائے گا اور ضلع کونسل کا نظام بھی اسی کے ’’کندھوں‘‘ پر سوار ہوگا۔

عوامی حلقوں کے مطابق یہ تعیناتی نہیں بلکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کی ٹیلنٹ پالیسی پر ایک بھرپور طنزیہ مہر ثبت ہے۔

عوامی و سماجی حلقوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر ایک ہی افسر تین اہم عہدے سنبھال سکتا ہے تو پھر درجنوں افسران کی ضرورت ہی کیا ہے؟

کہیں ایسا تو نہیں کہ محکمہ میں افسران ناپید ہو چکے ہیں یا پھر ’’پسندیدہ افسران‘‘ کی لاٹری نکل آئی ہے؟

شہریوں نے اس ’’سنہری تعیناتی‘‘ کو مستونگ کی انتظامی تاریخ کا انوکھا کارنامہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ یا تو باقی افسران کو بھی ذمہ داریاں دی جائیں یا پھر اعلان کیا جائے کہ آئندہ مستونگ میں تمام محکمے ایک ہی افسر کے تحت چلیں گے۔