|

وقتِ اشاعت :   December 8 – 2025

کوئٹہ: حکومت بلوچستان محکمہ داخلہ نے ضلع کوئٹہ میں دفعہ 144 کے تحت اسلحہ کی نمائش و استعمال، خواتین و بچوں کے علاوہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، گاڑیوں پر سیاہ شیشوں کا استعمال، بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت، پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، جلوس یا ریلیاں، اور عوامی مقامات پر چہروں کو چھپانے کے لیے مفلر یا ماسک کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔

یہ پابندی 22 دسمبر 2025 تک مؤثر رہے گی۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ضلع کوئٹہ میں تیزاب اور دھماکہ خیز مواد کی نقل و حمل بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

پولیس، لیویز اور ایف سی کو ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے اختیارات فراہم کر دیے گئے ہیں جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان سمیت دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ان پابندیوں کے نفاذ سے متعلق رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر محکمہ داخلہ کو ارسال کریں۔