گوادر؛ رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے چیئرمین گوادر پورٹ نور الحق بلوچ سے ملاقات کی، جس میں سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر شریف میاہ داد، کونسلر فیصل اللہ بخش اور نوید محمد بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملا بند وارڈ کے عوامی مسائل، خصوصاً بارشوں کے دوران کوہِ باتیل سے آنے والے پانی کے ریلوں سے پیدا ہونے والی مشکلات اور نکاسیِ آب کے مؤثر نظام کی تعمیر پر تفصیلی تبادلہ? خیال کیا گیا۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ چیئرمین گوادر پورٹ نور الحق بلوچ، ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور متعلقہ کونسلر منگل کے روز ملا بند وارڈ کا مشترکہ دورہ کریں گے تاکہ مسائل کا موقع پر جائزہ لیا جا سکے۔چیئرمین گوادر پورٹ نور الحق بلوچ نے اعلان کیا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی، پاک بحریہ کے تعاون سے ہلالِ احمر کا سالہا سال سے بند اسپتال جلد بحال کرے گی،
جس سے ملا بند اور یونین کونسل جنوبی کے ہزاروں رہائشیوں کو بنیادی طبی سہولیات میسر آئیں گی۔
ملاقات میں کوپک کے کنٹریکٹ ملازمین، مول ہولڈرز کے مسائل، گوادر پورٹ سے متعلق مختلف انتظامی اْمور، جاری ترقیاتی کاموں اور عوامی سہولیات سے متعلق معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نے کہا کہ گوادر میں پانی کے بحران پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے اور صورتحال مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی کابینہ نے گوادر کے لیے 50 میگاواٹ کے علیحدہ پاور پلانٹ کی منظوری دے دی ہے،
جس سے بجلی کے مسئلے کا مستقل حل ممکن ہو سکے گا۔
ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے پانی اور بجلی کے مسائل کے حل کے لیے چیئرمین گوادر پورٹ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں اپنائی گئی
مؤثر حکمتِ عملی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کام کر رہے ہیں اور اسلام آباد میں چیئرمین نور الحق بلوچ گوادر کے عوام کی بھرپور نمائندگی کر رہے ہیں۔