کوئٹہ: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اچھے افسران ہمارا قومی اثاثہ ہیں اور وہ کسی بھی کامیاب حکومت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور گوڈ گورنرننس، صوبے کی خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنانے میں ان کا کردار اہم ہے۔
مستقبل کے سرکاری ملازمین کے طور پر، آپ پر بلوچستان کے عوام کی دیانت، ایمانداری اور لگن کے ساتھ خدمت خلق کرنے کی مخصوص ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
گورنر مندوخیل نے کہا کہ سروس کیرئیر میں پری سروس ٹریننگ کا کلیدی کردار ہے جو نہ صرف آپکی مہارت، علم اور طرزحکمرانی کی تشکیل کیلئے اہم ہے بلکہ یہ سرکاری آفیسران کے طور پر آپ کے روشن مستقبل کی بنیاد بھی رکھتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سول سروس اکیڈمی کے زیرتربیت آفیسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا.
اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان کلیم اللہ بابر، ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حفیظ جمالی اور ڈاکٹر شبانہ سمیت دیگر آفیسرز بھی موجود تھے.
ہمارے صوبے میں گڈگورننس کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ اپنے افسران اور ڈیپارٹمنٹس کو تمام ضروری سہولیات اور وسائل کی فراہمی ضروری ہے۔
میں جانتا ہوں کہ ہمارے سرکاری اداروں کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کو جلد از جلد حل کریں تاہم میں پختہ یقین رکھتا ہوں کہ پاکستان اور بلوچستان میں بیپناہ صلاحیتیں اور سنہری مستقبل موجود ہے۔
ہمارے آفیسران کی لگن، محنت اور عوامی خدمت کے عزم کے ساتھ، مجھے یقین ہے کہ ہم کسی بھی متعدد رکاوٹوں کو عبور کر کے بڑی عظمت حاصل کر سکتے ہیں۔