|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2025

کوئٹہ:بلوچ ڈاکٹرز فورم کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ کے سینئر یورولوجسٹ ڈاکٹر راشد علی کی جبری گمشدگی باعثِ تشویش اور گہری فکر کا موجب ہے۔
9 دسمبر کی رات تقریباً 11 بجے ڈاکٹر راشد علی کو کوئٹہ میں ریاستی اداروں کی جانب سے فون کال کے ذریعے طلب کیا گیا۔ جب وہ متعلقہ مقام پر پہنچے تو اس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں، اور اطلاعات کے مطابق انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ چار دن گزرنے کے باوجود نہ تو ان کی گرفتاری ظاہر کی گئی ہے اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ وہ کہاں اور کس حال میں ہیں۔ اس غیر یقینی صورتحال نے نہ صرف ان کے اہلِ خانہ کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے بلکہ طبی برادری میں بھی بے چینی پیدا کر دی ہے۔
ڈاکٹر راشد علی ایک معروف، تجربہ کار اور فرض شناس معالج ہیں، جو طویل عرصے سے بلوچستان کے عوام کو یورولوجی کی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

بلوچ ڈاکٹرز فورم واضح طور پر مطالبہ کرتا ہے کہ ڈاکٹر راشد علی کو بلا تاخیر اور بحفاظت بازیاب کیا جائے۔ ایک معالج کو بغیر قانونی عمل کے لاپتہ کرنا بنیادی انسانی حقوق اور قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔

بلوچ ڈاکٹرز فورم انسانی حقوق کی تنظیموں، صحافی برادری، سول سوسائٹی اور متعلقہ اداروں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اس سنگین معاملے کا نوٹس لیں اور ڈاکٹر راشد علی کی فوری بازیابی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔