کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے ڈاکٹر شفیع بزنجو کی دسویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر شفیع بزنجو ایک نظریاتی انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار شخص تھے
جنہوں نے آواران جیسے پسماندہ علاقے میں بلاتفریق عوام کی خدمت کی وہ صرف ایک ڈاکٹر نہیں تھے بلکہ وہ ایک مشن کے تحت غریب عوام کی صحت تعلیم اور شعور کیلئے جدوجہد کر رہے تھے
ان کی شہادت نے نہ صرف نیشنل پارٹی بلکہ پوری بلوچ قوم کو ایک مخلص انسان سے محروم کردیا
میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ برادر کشی نے بلوچستان کے معاشرے کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے ڈاکٹر شفیع بزنجو جیسے پرامن تعلیم یافتہ اور باشعور افراد کو راستے سے ہٹاکر بلوچ قوم کے مستقبل کو تاریکی میں دھکیلا گیا
انہوں نے کہا کہ آج بھی یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ ڈاکٹر شفیع بزنجو کو قتل کرکے ان کے قاتلوں نے کیا حاصل کیا کیا ان کی شہادت سے علاقے کو فائدہ ہوا یا محرومیوں میں کمی آئی،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو ایسے ہی باشعور، خدمت گزار اور امن دوست نوجوانوں کی ضرورت ہے۔
نیشنل پارٹی شہید ڈاکٹر شفیع کے مشن کو جاری رکھے گی اور ان کے نظریات و خدمات کو عوام کے سامنے لاتی رہے گی تاکہ نئی نسل شعور اور انسان دوستی کے اس سفر کو آگے بڑھا سکے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان شہید ڈاکٹر شفیع جیسے کرداروں کو اپنائیں اور شدت پسندی کی جگہ تعلیم، شعور اور پرامن جدوجہد کو اپنا ہتھیار بنائیں یہی بلوچستان کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔