|

وقتِ اشاعت :   December 18 – 2025

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت گرین بس سروس کی ہارلے ہیلتھ سروسز پروجیکٹس ایریا تک توسیع کے منصوبے سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں گرین بس سروس کے توسیعی منصوبے کی پیش رفت، مجوزہ روٹس، شہریوں خصوصاً مریضوں اور طبی عملے کے لیے سفری سہولتوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا

کہ اس توسیع سے ہارلے ہیلتھ سروسز پروجیکٹس ایریا تک عوام کی آسان اور بروقت رسائی ممکن ہوگی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہری عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے انہوں نے ہدایت کی کہ گرین بس سروس کی توسیع کے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور سروس کے معیار، صفائی، وقت کی پابندی اور مسافروں کی سہولت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ روٹس کی منصوبہ بندی اس انداز میں کی جائے کہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں، جبکہ بزرگوں، خواتین، مریضوں اور معذور افراد کی ضروریات کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے

اجلاس میں پارلیمانی سیکریٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم، پرنسپل سیکریٹری بابر خان، سیکریٹری ٹرانسپورٹ حیات خان کاکڑ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب کاکڑ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی اور منصوبے پر عملدرآمد سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔