کوئٹہ: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہر میں سعودی عرب کے قونصل خانے کے قیام سے بلوچستان کے عوام کو بہت زیادہ آسانیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
حج اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کو مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی جس سے دونوں ممالک پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مزید خوشگوار تعلقات کو فروغ ملے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے قائم مقام امیر ڈاکٹر علی محمد ابو تراب کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔
وفد میں مولانا عصمت اللہ سالم، عبدالرحمن انصاری، مولانا زکریا ذاکر، حافظ مسعود پانیزئی، سمیع اللہ کاکڑ، محمود علی اور عبدالباسط رحمانی شامل تھے۔
وفد نے گورنربلوچستان سے مطالبہ کیا یونیورسٹی آف بلوچستان میں عربی کا شعبہ قائم کیا جائے جس سے عرب ممالک میں کام کرنے والے بلوچستان کے لوگوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
گورنر بلوچستان نے وفد کو اس سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔