|

وقتِ اشاعت :   December 20 – 2025

کوئٹہ:  کوئٹہ میں 118دنوں کے بعد بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو کوئٹہ میں مسلسل 118خشک دنوں کے بعد بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ، شہر میں بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا ۔

کوئٹہ کے شہریوں کی بڑی تعداد نے موسم سرما کی پہلی بارش سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحتی مقام ہنہ جھیل کا رخ کیا جہاں آنے والے سیاحوں نے سہولیات کے فقدان کا شکوہ کیا ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے دیگر اضلاع گوادر، کیچ، واشک، خاران، چاغی ، نوشکی، قلات ، مستونگ، قلعہ عبداللہ، زیارت ،ژوب، پنجگور، ہرنائی ،موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔

اس دوران قلات میں 13، جیوانی میں09، گوادر میں 08، نوکنڈی میں05، دالبندین میں 03،ژوب، کوئٹہ ، پنجگور میں 02،تربت میں 01ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

مختلف اضلاع میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا جس کے بعد گرم کپڑوں، لکڑی ، ایل پی جی گیس سمیت دیگر ضروری اشیاء کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے ۔

دریں اثناء کوئٹہ میں بارش کے بعد شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی بند ہوگئی ۔

کیسکو حکام کے مطابق شہر کے 34 فیڈرز بند ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

رات گئے تک بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر رہے ۔