کوئٹہ: آنے والی بلوچی میوزک ویڈیو ’’تنہائی‘‘ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے، جس نے اپنے منفرد اور مستقبل سے جڑے تصور کی بدولت شائقین کی خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔
یہ ٹیزر بلوچی موسیقی کے ارتقا میں ایک اور اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ٹیزر میں معروف بلوچی فنکار ڈی جے خلیفہ اور اسلام زیمر جلوہ گر ہیں۔
اس کا آغاز بلوچی زبان میں ایک پُراثر وائس اوور سے ہوتا ہے، جس میں کہا جاتا ہے:’’میں آپ کو سن 2099 کی سب سے بڑی خبر دینے کے لیے آن لائن آئی ہوں‘‘یہ جملہ فوراً ہی سائنس فکشن کی فضا قائم کر دیتا ہے اور ناظرین کو جدید ٹیکنالوجی سے مزین ایک خیالی مستقبل میں لے جاتا ہے۔
ٹیزر میں جدید ٹیکنالوجی، پیچیدہ مشینری اور تجرباتی ماحول دکھایا گیا ہے، جو ایک سائنسی طور پر ترقی یافتہ بلوچ معاشرے کی عکاسی کرتا ہے۔ ٹیزر کا ایک نمایاں منظر ایک بڑی مشین پر مشتمل ہے جسے کئی افراد چلا رہے ہیں، جو “ٹائم ٹرویل” یا مستقبل کی سائنسی تحقیق جیسے تصورات کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ ’’تنہائی‘‘ کا میوزک سپر ڈوپر سلطان نے ترتیب دی ہے،
جبکہ اس کے بول ناصر بشیر اور ڈی جے خلیفہ نے تحریر کیے ہیں۔
یہ جدید موسیقی اور عصری کہانی کو یکجا کرنے کی ایک تخلیقی کوشش ہے۔
میوزک ویڈیو کی ہدایت کاری، سینماٹوگرافی اور ایڈیٹنگ محمد البلوشی نے انجام دی ہے، جن کا وژن ویڈیو کو ایک سنیماٹک اور مستقبل نما انداز دیتا ہے، جو علاقائی موسیقی میں کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔
ان کا کام بلوچی تخلیقی صنعت میں نئے رجحانات اور اصناف کو اپنانے کے بڑھتے ہوئے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ٹیزر کو روایتی حدود سے ہٹ کر بلوچی ثقافت کو ایک جدید اور ترقی پسند زاویے سے پیش کرنے پر خوب سراہا جا رہا ہے۔ موسیقی کے شائقین کا ماننا ہے کہ ’’تنہائی‘‘ بلوچی میوزک ویڈیوز میں جدت اور تخلیقی تجربات کی ایک نئی لہر کو جنم دے سکتی ہے۔