تربت؛ ممبر صوبائی اسمبلی اور سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کے ہمراہ ٹیچنگ ہسپتال تربت میں معدہ اور آنتوں کے امراض کی تشخیص کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ انڈواسکوپی مشین کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں پرنسپل مکران میڈیکل کالج ڈاکٹر افضل خالق، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلیدی، فیکلٹی ممبران اور دیگر ڈاکٹرز شریک تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی اور فنڈز کی فراہمی سے ٹیچنگ ہسپتال تربت میں جدید انڈواسکوپی مشین کی خریداری اور تنصیب ممکن ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کیچ کی جانب سے صحت کے شعبے میں کی جانے والی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور اس مشین کی فراہمی سے نہ صرف ضلع کیچ بلکہ پورے مکران ڈویژن کے مریض مستفید ہوں گے۔
اب معدہ اور آنتوں کے امراض کے مریضوں کو کوئٹہ یا کراچی جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ضلع کیچ میں معدہ اور آنتوں کے ماہر ڈاکٹر موجود تھے، تاہم انڈواسکوپی مشین کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو بڑے شہروں میں ریفر کیا جاتا تھا۔
اب اس جدید مشین کی دستیابی سے تشخیصی سہولیات مقامی سطح پر میسر ہوں گی ۔
انہوں نے اس موقع پر مکران میڈیکل کالج تربت کے کنٹریکٹ ملازمین کی ریگولرائزیشن کے مسئلے کے حل کی بھی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ اس حوالے سے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان، چیف سیکریٹری، محکمہ قانون اور ایس اینڈ جی اے ڈی سے مشاورت کر کے کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں اور گریڈ سے متعلق مسائل حل کرائیں گے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلیدی نے بھی ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بھرپور معاونت سے انڈواسکوپی مشین کی خریداری اور تنصیب کا عمل مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر کیچ نے قلیل مدت میں اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے ضلع کیچ کے عوام کو صحت کے شعبے میں ایک قیمتی سہولت فراہم کی۔
ڈاکٹر وحید بلیدی نے مزید کہا کہ اس مشین کی بدولت معدہ اور آنتوں کے مریضوں کو تربت میں مفت اور معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی۔
واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر کیچ کی جانب سے او جی ڈی سی ایل کے تعاون سے ایک کروڑ 3 لاکھ روپے کی لاگت سے فراہم کردہ اس جدید انڈواسکوپی مشین کے ذریعے معدے کے امراض کے ساتھ ساتھ آنتوں کی مختلف بیماریوں کے ٹیسٹ بھی کیے جا سکیں گے۔
آخر میں ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت نے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن اور اسپیشل سیکریٹری صحت شیہک شہداد کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی کوششوں سے ٹیچنگ ہسپتال تربت کو صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی میں مدد ملی۔