|

وقتِ اشاعت :   December 27 – 2025

کوئٹہ: بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کی حفاظت کیلئے محکمہ ریلویز کی جانب سے بنائی گئی بلٹ پروف سیکورٹی بوگی لاہور سے کوئٹہ پہنچ گئی جدید سیکورٹی آلات سے لیس سیکورٹی بوگی کا کوئٹہ میں دو ہفتے ٹرائل کرنے کے بعد اسے جعفر ایکسپریس کے ساتھ لگایا جائے گا ۔

محکمہ ریلویز کے حکام کے مطابق رواں سال مارچ میں بولان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے اور اسکے بعد پیش آنے والے مختلف واقعات کے پیش نظر محکمہ ریلویز نے جعفر ایکسپریس کی حفاظت کیلئے سفر کرنے والی ا سپیشل فورسز کے لیے ایک سیکورٹی بوگی تیار کی ہے۔

محکمہ ریلویز کے حکام کے مطابق بلٹ پروف بوگی کے اوپر مشین گن فٹ کی گئی ہے اور جدید کیمرے لگائے گئے ہیں بوگی کے اندر کیمرہ آپریٹر کے بیٹھنے کی جگہ اور کمپیوٹر سسٹم بھی موجود ہے سیکورٹی بوگی کا کوئٹہ سے سبی کے درمیان میں دو ہفتے ٹرائل کیا جائے گا ٹرائل کرنے کے بعد اسے جعفر ایکسپریس کے ساتھ سفر کیلئے لگایا جائے گا ۔