کوئٹہ : سینئر سیاستدان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط ہائبرڈ نظام کو عوام کی حمایت حاصل نہیں، جعلی قیادت اور نظام مسلط کرنے سے نفرتوں میں اضافہ ہوا ہے،
بلوچستان کی غیر نمائندہ حکومت میں شاہراہیں بند، ٹرین سروس معطل، آٹے کا بحران ہے جبکہ حکومت جعلی قانون سازی کے ذریعے عوام کے حقوق غصب کرنے میں لگی ہے،
سیاسی کارکن اپنے سابقہ اور موجودہ نمائندوں سیاسی پارٹیوں کا احتساب کرکے جعلی طرز حکومت سے نکل کر عوامی طاقت سے حکومت قائم کریں۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز سراوان ہاس میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
نوابزادہ حاجی میر لشکری خا ن رئیسانی نے مزید کہا کہ ملک پر مسلط ہائبرڈ نظام فارم 47 کی پیداوار ہے اوریہ ریاستی کمزوری کی نشاندہی کرتا ہے، اگر آج کی حکومتوں کو عوامی تائید و حمایت حاصل ہوتی توانہیں فارم 47 کی ضرورت نہ پڑتی،
انہوں نے کہاکہ عوامی حمایت کے بجائے جعلی طریقے سے تشکیل دی گئی حکومت جعلی قانون سازی کے ذریعے عوام کے حقوق غصب کررہی ہے،
انہوں نے کہاکہ ہائبرڈ نظام کو عوام کی حمایت حاصل نہیں ہے، جتنی کوششیں کرکے جعلی قیادت اور نظام مسلط کیا جائے اتنی زیادہ نفرت بڑھے گی اور نظام کی کمزوریوں میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاسی کارکن اپنے سابقہ اور موجودہ نمائندوں سیاسی پارٹیوں کا احتساب کرکے جعلی طرز حکومت سے نکل کر عوام کی طاقت سے حکومت قائم کریں جو بنیادی،قومی امور کی نشاندہی کرکے اس ملک اوریہاں کے لوگوں کو بحران سے نکالے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی حکومت کی کوئی اخلاقی حیثیت نہیں ہے حکومت میں شامل لوگ عوام کے نمائندے ہوتے تو بلوچستان کے حالات یہ نہ ہوتے آج صوبے کی شاہراہیں بند، ٹرین سروس معطل ہے حکومت ہوائی جہازوں کے کرایوں کو بھی کنٹرول نہیں کرسکتی حتی کہ پنجاب سے آنے والا آٹا بھی نہیں پہنچ پارہا ہے عام لوگ آٹے کے بحران کا سامنا کررہے ہیں۔