|

وقتِ اشاعت :   December 28 – 2025

کو ئٹہ : سید آباد ڈیم منصوبے میں مبینہ کرپشن، مالی بے ضابطگیوں اور ناقص کام کی نشاندہی کے بعد امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سکرٹری ایریگیشن، ایکسین ایریگیشن اور دیگر متعلقہ حکام کو فوری،شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

یہ اقدام مہیم جان کی جانب سے سامنے لائی گئی شکایات اور شواہد کی بنیاد پر کیا گیا ہیجس میں منصوبے کی لاگت،معیارِ تعمیر اورفنڈزکے استعمال پر سنگین سوالات اٹھائے گئے تھے۔

ایم پی اے گوادرمولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے واضح طور پر کہا کہ عوامی فلاحی منصوبے قوم کی امانت ہوتے ہیں اور ان میں کسی بھی قسم کی کرپشن، غفلت یا بدعنوانی ناقابلِ برداشت ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سید آباد ڈیم منصوبے کے تمام مالی، فنی اور انتظامی امور کا تفصیلی آڈٹ کیا جائے، ٹھیکیداروں کے کردار،فنڈز کے اجرا و اخراجات، اور تعمیراتی معیار کا مکمل جائزہ لے کر جامع رپورٹ پیش کی جائے۔

مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے مزید کہا کہ سید آباد ڈیم منصوبہ علاقے کے عوام کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہیجو پانی کی قلت کے خاتمے، زراعت کے فروغ اور مقامی آبادی کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

ایسے اہم منصوبے میں کرپشن نہ صرف عوامی مفاد کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ قومی وسائل کے ضیاع کا باعث بھی بنتی ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو سختی سے متنبہ کیا کہ تحقیقات میں کسی بھی سطح پر غفلت،چشم پوشی یا دبا برداشت نہیں کیا جائے گااور اگر کسی بھی افسر،ٹھیکیدار یا ذمہ دار فرد کے خلاف بدعنوانی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مولاناہدایت الرحمان بلوچ ایم پی اے گوادر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی، ناقص کام یا کرپشن کی بروقت نشاندہی کریں تاکہ شفافیت کو فروغ دیا جا سکے اور ترقیاتی منصوبے واقعی عوام کی فلاح کے لیے کارآمد ثابت ہوں۔