کو ئٹہ؛ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اورپہاڑی علاقوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ،
سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں گیس پریشر کی کمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا بھی سلسلہ چل پڑا ہے ، دوسری جانب پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور برف باری کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو بلاوجہ سفر سے گریز کی تاکید ہے
اور کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے کی ریسکیو ٹیمیں اور مشینری مختلف علاقوں کو روانہ کردی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ ، پشین ، قلعہ عبداللہ ، چمن ، توبہ کاکڑی ، توبہ اچکزئی ، زیارت ، قلعہ سیف اللہ ، مستونگ ، قلات سمیت مختلف علاقوں میں موسم سرما کی بارشوں اور پہاڑی علاقوں پر برف باری کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جس کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں
بلکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ،صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شہریوں کے لئے بند برساتی نالے امتحان بن گئے اور وہ دن بھر ان کی نالیوں کی صفائی کرتے نظر آئے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر بھی پانی بہتا رہا ، چمن میں کوژک ٹاپ ، قلعہ عبداللہ میں خواجہ عمران کے پہاڑی سلسلے ، زیارت ، توبہ کاکڑ ی اور توبہ اچکزئی میں برف باری کے باعث زمین نے سفید چادر اوڑھ لی ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔
سردی کے شدت میں اضافے کے ساتھ ہی کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں دیگر اضلاع میں بھی صارفین کو گیس پریشر کی کمی کی شکایات سامنے آئی ہیں اور لوگوں نے مچھلی اور گرم مشروبات کا استعمال مزید بڑھادیا ہے ۔
دریں اثناء پی ڈی ایم اے بلوچستان نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں اور برف باری کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے اور کہا ہے کہ 31دسمبر کو بھی بارش اور مزید برف باری کی توقع ہے ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے اصغر جمالی کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش اور برف باری کے اسپیل زیر اثر سبی، زیارت، کچی، بارکھان، قلعہ سیف اللہ، ژوب، قنطار اور کوئٹہ ، ژوب۔ نوشکی، آواران، واشک، زیارت ، کان مہترزئی ، کوژک ٹاپ ، قلعہ عبداللہ سمیت مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے اس سلسلے میں محکمہ پی ڈی ایم اے نے تمام تر حالات پر قابو پانے کیلئے الرٹ ہے اور تیاریاں مکمل ہیں، برفباری کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے بلا وجہ سفر سے گریز کریں۔
محکمہ پی ڈی ایم اے نے ریسکیو کی ٹیمیں اور مشینری متعلقہ علاقوں میں روانہ کردی گئی ہے ۔
علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق منگل کے روز صوبے کے شمالی اور مغربی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ تاہم ژوب، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، کوئٹہ، نوشکی، قلات، موسیٰ خیل، لورالائی، چاغی، خضدار، واشک اور خاران میں درمیانی شدت کی بارش اور گرج چمک کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ خاص طور پر زیارت، توبہ کاکڑی، کان مہترزئی اور مسلم باغ میں اس دوران بارش اور برفباری کا ایک مؤثر سلسلہ متوقع ہے۔
اسی طرح بارکھان، گوادر، جیوانی، لسبیلہ، کیچ، آواران اور پنجگور میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بدھ کے روز کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ژوب، قلات، بارکھان اور موسیٰ خیل میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے،
جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ بارشوں کے دوران چمن میں 8.5 ملی میٹر، جیوانی میں 7.0 ملی میٹر، پشین میں 2.5 ملی میٹر، پنجگور میں 2.0 ملی میٹر، دالبندین میں 1.3 ملی میٹر، گوادر میں 0.3 ملی میٹر، کوئٹہ سریاب اور کوئٹہ بریوری میں 0.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ کوئٹہ سٹی اور سمونگلی میں معمولی (ٹریس) بارش ہوئی۔کم سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔