کوئٹہ: امیرجماعت اسلامی بلوچستان رکن صوبائی اسمبلی و قائد حق دو تحریک بلوچستان مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر یاسرخان سے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں ضلع گوادر میں صحت کے شعبے کی مجموعی صورتحال،بنیادی مراکز صحت کی فعالیت اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ضلع گوادر کے بقایا سات بنیادی مراکز صحت(BHU) کی فعالیت سے متعلق تفصیلات طلب کیں اور فعال مراکز صحت میں موجود سہولیات،
عملے کی دستیابی اور ادویات کی صورتحال پر بھی استفسار کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بنیادی مراکز صحت کا فعال ہونا دیہی اور دور دراز علاقوں کے عوام کے لیے نہایت ضروری ہے۔اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے بتایا کہ ضلع گوادر میں مزید پانچ نئے مراکز صحت کے قیام کے لیے باقاعدہ پروپوزل جمع کرا دیا گیا ہے،
جن پر جلد عملدرآمد کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے مراکز صحت کے قیام سے عوام کو اپنے علاقوں میں بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی اور بڑے شہروں پر انحصار کم ہوگا۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ضلع بھر کے دوروں کے بعد پسنی، اورماڑہ،جیونی اور گوادر کے ہسپتالوں (RHC) کی مجموعی صورتحال سے بھی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو آگاہ کیا
اور ہسپتالوں میں ادویات کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کو دواں کی عدم دستیابی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اگر ادویات یا دیگر صحت سے متعلق معاملات میں بجٹ یا فنڈز کا کوئی مسئلہ درپیش ہے تو وہ خود اعلی سطح پر بات کرکے مسئلہ حل کروائیں گے، تاہم ضلع گوادر میں صحت کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ عوام کی صحت سے زیادہ قیمتی کوئی چیز نہیں۔ملاقات کے موقع پر شریف میاہ داد، اکرم فدا، نوید محمد، بابر شہزاد سمیت دیگر ذمہ داران اور محکمہ صحت کا عملہ بھی موجود تھا۔