|

وقتِ اشاعت :   January 6 – 2026

کوئٹہ:  وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبے میں کم بی ٹی یو گیس پر مبنی صنعتی منصوبوں سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منگل کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا

جس میں تکنیکی فزیبیلٹی کی تکمیل کے بعد منصوبوں کو کمرشل بنیادوں پر شروع کرنے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے لیے اخبارات میں ایکسپریشن آف انٹرسٹ (EOI) جاری کرنے کا باضابطہ فیصلہ کیا گیا اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات زاہد سلیم، سیکرٹری توانائی داؤد خان بازئی، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری بابر خان سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اجلاس کو دی گئی

تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع قلات میں واقع مارگند گیس فیلڈ اور سوئی میں زن گیس فیلڈ پر کم بی ٹی یو گیس کے مؤثر استعمال کے لیے مختلف صنعتی پلانٹس کی تنصیب تجویز کی جا رہی ہے

جن میں فرٹیلائزر، سیمنٹ، توانائی اور سیرامکس سمیت دیگر ویلیو ایڈڈ صنعتیں شامل ہیں ان منصوبوں کا مقصد مقامی وسائل کو صنعتی ترقی سے ہم آہنگ کرتے ہوئے صوبے میں پائیدار معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ سرمایہ کار کمپنیاں سماجی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی اولین ترجیح مقامی ہنرمند افراد کو روزگار کی فراہمی کو بنائیں انہوں نے کہا کہ صنعتی منصوبوں سے نہ صرف صوبے کے لیے ٹیکس ریونیو میں نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے

جس سے مقامی معیشت مستحکم ہوگی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور حکومت ان وسائل کو جدید خطوط پر بروئے کار لا کر صنعتی ترقی اور معاشی خود انحصاری کے اہداف حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے

انہوں نے ہدایت کی کہ سرمایہ کاری کے عمل کو شفاف، مسابقتی اور سرمایہ کار دوست بنایا جائے تاکہ سنجیدہ سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہو اجلاس میں اس امر کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ گیس فیلڈز سے متعلق ایکسپریشن آف انٹرسٹ کے اشتہارات جلد از جلد اخبارات میں شائع کیے جائیں گے، جبکہ مجوزہ صنعتی پلانٹس کی تنصیب کے لیے ممکنہ سائٹس، انفراسٹرکچر اور لاجسٹک سہولیات کا جامع جائزہ لے کر عملی اقدامات کیے جائیں گے.۔