|

وقتِ اشاعت :   January 7 – 2026

کوئٹہ / ڈیرہ مراد جمالی: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ ہم نے ڈیرہ مراد جمالی کے عوام سے الیکشن میں کیئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سلسلہ جاری ڈیرہ مراد جمالی شہر میں ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے ماسٹر پلان کا افتتاح کردیا گیا ہے جلد ہی کام شروع ہو جائیں گے ،گزشتہ دو سالوں میں 100 سے زائد لوگوں کو روزگار کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈوکیٹ محمد الیاس کھوسہ کی جانب سے منعقدہ ٹی پارٹی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس سے قبل پیپلز پارٹی نصیرآباد ڈویژن کے صدر میر بلال خان عمرانی،پیپلز پارٹی صحبت سے سابق ٹکٹ ہولڈر میر احمد نواز کھوسہ،ایڈووکیٹ محمد الیاس کھوسہ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا تقریب میں حاجی گل محمد جتک،حاجی میر عظمت جتک،بابو عبدالمجید کھوسہ سمیت بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی کارکنان نے شرکت کی میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی کے عوام سے شہید ملت محترمہ بے نظیر بھٹو کا کیا

ہوا وعدے کے مطابق دیرینہ مسئلہ الاٹمنٹ کا حل کرکے عوام کو مالکانہ حقوق فراہم کیئے جارہے ہیں جس سے ڈیرہ مراد جمالی کے قابض عوام اب اپنے پراپرٹی کا مالک بن رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پٹ فیڈر کینال کے لئے 65 ارب روپے کی لاگت سے کام شروع کردیا گیا ہے

جس سے علاقے میں ایک نیا انقلاب آئے گا ۔ کیونکہ نصیر آباد ڈویژن اس کو گرین بیلٹ کے نام سے لوگ جانتے تھے ایک بار پھر پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت اس علاقے کو گرین بیلٹ بناکر زرعی انقلاب برپا کریں گے پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے اس نے تعصب سے بالاتر ہوکر عوام سے کئے گئے

وعدوں کی تکمیل کو یقینی بناتے ہوئے انہیں بغیر کسی لالچ اور معاوضے کے ملازمتیں فراہم کی ہے انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت آنے والے وقت میں بھی بلوچستان کی پسماندگی اور عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کو دور کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھائے گی تاکہ بلوچستان کو پاکستان کے دیگر صوبوں کے برابر لایا جاسکے اور بلوچستان کی تقدیر کو بدلا جاسکے۔